Breaking News

گورنر پنجاب محمد سرور چوہدری عہدے سے برطرف

سرور

اسلام آباد : وفاقی حکومت نے گورنر پنجاب محمد سرور چوہدری کو عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔ پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کو قائم مقام گورنر پنجاب تعینات کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ایک تازہ ٹویٹ میں کہا کہ وفاقی حکومت نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔

ان کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ نئے گورنر پنجاب کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، آئین کے مطابق ڈپٹی اسپیکر قائم مقام گورنر ہوں گے۔‘

خیال رہے کہ چوہدری محمد سرور نے 2018 میں گورنر پنجاب کا عہدہ سنبھالا تھا۔ وہ اس سے قبل مسلم لیگ ن کے دور میں بھی پنجاب کے گورنر رہے تھے۔

گذشتہ سال دسمبر میں سوشل میڈیا پر ایسے بیانات بھی گردش کرتے رہے جن میں وہ وہ اپنی ہی حکومت پر بظاہر تنقید کرتے دکھائی دیے۔

ایک بیان جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا اس میں ان کا کہنا تھا کہ ’آئی ایم ایف پاکستان کو 6ارب ڈالر کا قرضہ دے رہا ہے اور یہ قرضہ اگلے تین سالوں میں دیا جائے گا یعنی ہر سال دو ارب ڈالر اور اس کے بدلے میں انہوں نے پاکستان کے تمام اثاثے گروی رکھوا لے لیے ہیں۔

اس سے پہلے ان سے ایک اور بیان بھی منسوب کرکے چلایا جاتا رہا جس میں ان کا کہنا تھا کہ میں اس لیے ڈیلیور نہیں کر سکا کیونکہ جو پوزیشن مجھے دی گئی تھی وہ ایک ناکارہ پوزیشن تھی اور ایک حساب سے مجھے سائیڈ پر لگا دیا گیا تھا اس لیے میں کوئی کام نہیں کر سکا۔

واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کی طرف سے جاری ایجنڈے کے مطابق آج 11 بج کر 30 منٹ پر اجلاس شروع ہوگا جس میں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب پر ووٹنگ ہوگی۔

تحریک انصاف کی طرف سے چوہدری پرویز الہیٰ وزارت اعلیٰ کے امیدوار ہیں، جبکہ مسلم لیگ ن نے حمزہ شہباز کو اپنا امیدوار نامزد کر رکھا ہے۔



from پاکستان – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/uSvKZUO

No comments