وزیراعظم نے عمران خان کے خطاب کو پاکستان کے خلاف سازش قرار دے دیا
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خطاب کو پاکستان کے خلاف سازش قرار دے دیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں عمران خان کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایبٹ آباد جلسہ میں ریاست پاکستان، آئین اور اداروں کو چیلنج کیا گیا، اداروں کے خلاف سازشی بیانیہ گھڑنے والا اصل میں میر جعفر اور میرصادق ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست پاکستان، آئین اور اداروں کو چیلنج کرنے پر قانونی کارروائی کریں گے، عمران نیازی سیاست نہیں سازش کررہا ہے، عمران خان کی یہ سازش پاکستان کے خلاف ہورہی ہے، ایک شخص کی انا، تکبر، جھوٹ پر پاکستان قربان نہیں کرسکتے، پہلے عمران نیازی نے پاکستان کی معیشت ڈبونے کی سازش کی، اب ملک میں خانہ جنگی کرانے کی کوشش کررہا ہے۔
یہ بھی پڑھین: “ہم کسی سپر پاور کو نہیں مانتے”
وزیراعظم نے کہا کہ عمران نیازی کی ملک میں خانہ جنگی کرانے کی سازش کچل دیں گے، عمران آج کا میرجعفر اور میر صادق ہے جو پاکستان کو لیبیا اور عراق بنانا چاہتا ہے، میر صادق کے ساتھ بھی صادق لگا ہوا تھا، جس طرح عمران نیازی کو سرکاری صداقت کا سرٹیفکیٹ ملا تھا۔
شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی اسی تھالی میں چھید کررہا ہے جس میں اُس نے کھایا، پاکستان کے 22 کروڑ عوام، آئین اور ادارے ایک شخص کے غلام نہیں، عمران عوام کو اپنا غلام بنانا چاہتا ہے، اسے پاکستان کا ہٹلر نہیں بننے دیں گے، عمران نیازی نے بہت جھوٹ بول لیا، اب اسے سچائی کا سامنا کرنا ہوگا۔
from پاکستان – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/LtGElfW
No comments