شام میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے انتظامات مکمل
کراچی: شام میں تعینات پاکستانی سفیر کی درخواست پر پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے قومی ائیرلائن (پی آئی اے) نے طیارہ بھیجنے کے انتظامات کرلیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دو روز قبل شام میں اسرائیلی فورسز کی بمابری کے نیتجے میں دارالحکومت دمشق کے ایئرپورٹ کو شدید نقصان پہنچا تھا جس کے باعث فلائٹ آپریشن معطل ہے، آپریشن کی معطلی کے باعث شام میں زیارتوں کیلئے گئے 160 پاکستانی بھی محصور ہوگئے ہیں۔
پاکستانیوں کے محصور ہونے کی اطلاعات پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے پاکستانیوں کی فوری وطن واپسی یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی، جبکہ شام میں تعینات پاکستانی سفیر نے سی ای او پی آئی اے اور حکومت پاکستان کو بھی مکتوب لکھا تھا۔
سفیر پاکستان نے مکتوب میں پاکستانیوں کی واپسی کیلئے شام کے شہر حلب پروازیں بھیجنے کا کہا ہے، مکتوب ملنے کے بعد وزیر ہوا بازی کی ہدایت پر پی آئی اے نے طیارہ بھیجنے کے انتظامات کرلیے ہیں۔ پاکستانیوں کی واپسی کیلئے پروز 13 جون کو روانہ ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: شام میں پھنسے پاکستانیوں کی فوری وطن واپسی یقینی بنانے کی ہدایت
وزارت ہوا بازی کے مطابق پہلے مرحلے میں پاکستانیوں کو دمشق سے بذریعہ بس حلب منتقل کیا جائے گا، جہاں سے پی آئی اے کا طیارہ پاکستانیوں کو وطن واپس لے کر آئے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پروازوں سے تمام زائرین 24 گھنٹے میں وطن پہنچنا شروع ہوجائیں گے۔
from پاکستان – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/XLGY8my
No comments