’کوئی بے وقوف ہی ہوگا جو موجودہ حالات میں پارٹی چھوڑ کر جائے گا‘
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ لوٹے جو چھوڑ کر گئے ان کا حشر سب دیکھ رہے ہی، موجودہ حالات میں جو پارٹی چھوڑ کر جائے گا وہ بے وقوف ہی ہوسکتا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے استعفوں کے معاملہ پر اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش نہ ہونے پر کہا کہ ہر پارٹی میں مختلف لوگوں کی مختلف آرا ہوتی ہے، کور کمیٹی کی سربراہی عمران خان کرتے ہیں اور انہوں نے فیصلہ کیا کہ ہم اسمبلی میں واپس نہیں جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ اسمبلی میں جانے کا فائدہ نہیں کیونکہ مقبوضہ اسمبلی ہے، لوٹا ایسوسی ایشن کے راجہ ریاض کو اپوزیشن لیڈر بنایا گیا ہے، الیکشن کمیشن ممبران کی تعیناتی کرلی گئی تو اب چیئرمین نیب بھی لگایا جارہا ہے، لوٹے جو چھوڑ کر گئے ان کا حشر سب دیکھ رہے ہی، موجودہ حالات میں جو پارٹی چھوڑ کر جائے گا وہ بے وقوف ہی ہوسکتا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے حمزہ شہباز کے کیس کو جیسے ڈیل کیا گیا اس پر اعتراض ہے، مخصوص نشستوں کے معاملے کو ہی دیکھ لیں اسے ضمنی انتخاب سے جوڑ دیا گیا، ایسا تاثر دیا جارہا ہے کہ پنجاب میں حمزہ شہباز کو ہی رکھنا ہے، یہ چاہتے ہیں دھاندلی کرکے کسی طرح حمزہ شہبازکو وزیراعلیٰ رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں آئین سے انحراف کیا جارہا ہے، غیرقانونی وزیراعلیٰ کو غیرقانونی طریقے سے مسلط رکھنا چاہتے ہیں، لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ آئے گا تو ہی سپریم کورٹ جاسکیں گے، لاہور ہائیکورٹ میں ایک دن سماعت پھر 3 دن ملتوی ہوتے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ منی لانڈرنگ کیسز میں سپریم کورٹ کے پاناما فیصلے کو دنیا میں سراہا جاتا ہے، کوئی فیصلے پر تنقید کرتا ہے یا نہیں اس سے فیصلے پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری قومی سلامتی پالیسی دیکھ لیں معیشت کو سرفہرست رکھا گیا، معید یوسف نے بڑی محنت کرکے قومی سلامتی پالیسی بنائی تھی، عمران خان وہی بات کررہے ہیں معیشت مضبوط ہوگی تو ملک ترقی کریگا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ رجیم چینج کی تحقیقات کیوں نہیں ہورہی، صدر نے سپریم کورٹ کو خط لکھا کیوں معاملہ کی تحقیقات کیلئے کمیشن نہیں بن رہا، پاکستان کا صدر، وزیراعظم اور پارلیمنٹ رجیم چینج سازش کا الزام لگا رہے ہیں لیکن اتنے بڑے لیول پر سازش کی بات کی جارہی ہے کیوں تحقیقات نہیں ہورہی۔
from پاکستان – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/JRmGla4
No comments