Breaking News

روسی صدر نے غیرملکی میڈیا پر پابندی کے بل پر دستخط کر دیئے

ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے غیر ملکی میڈیا پر پابندی کے بل پر دستخط کر دیئے۔

روسی میڈیا کے مطابق صدر پیوٹن نے مغربی ممالک کی جانب سے روسی میڈیا پر لگائی گئی پابندیوں کے جواب میں غیر ملکی میڈیا اداروں پر پابندی لگانے کے بل پر دستخط کردیے ہیں۔ اس قانون کے تحت روس میں بہت سے غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے لائسنس منسوخ اور ان کی سرگرمیاں بند کی جاسکتی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے قانون کا مقصد دنیا کے جس ملک میں روسی ذرائع ابلاغ کی سرگرمیوں کو محدود یا اس پر پابندی لگائی جائے گی روس میں بھی اس ملک کے ذرائع ابلاغ کی سرگرمیاں محدود کردی جائیں گی۔

نئے قانون میں پراسیکیوٹر جنرل اور نائبین کو روس میں کام کرنے والے میڈیا آؤٹ لیٹس کے لائسنس کی منسوخ کرنے کا اختیار دے دیا گیا ہے، اس کے علاوہ پراسیکیوٹر جنرل اور نائبین کو ذرائع ابلاغ کے دفاتر کو روس میں بند کرنے اور غیر ملکی میڈیا سے وابستہ صحافیوں کے ایکریڈیشن کارڈ منسوخ کرنے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔

قانون کے مطابق غلط معلومات پھیلانے، روسی مسلح افواج کو بدنام کرنے یا روسی فیڈریشن کیخلاف تضحیک آمیز رویہ اپنانے والے میڈیا آؤٹ لیٹس کے خلاف کارروائی کی جاسکے گی۔بل کے مطابق روس اور اس کے شہریوں پر پابندیوں کا مطالبہ کرنے والی غیر ملکی میڈیا پر بھی پابندی عائد کی جاسکے گی۔

خیال رہے کہ روسی پارلیمنٹ نے حال ہی میں ایک بل کی منظوری دی تھی جس کے تحت ملکی عدلیہ کو اس بات کا اختیار دیا گیا تھا کہ وہ مغربی ملکوں سے وابستہ ذرائع ابلاغ کی سرگرمیاں بند کرنے کا حکم دے سکتی ہے۔ روس نے یہ اقدام، مغربی ملکوں کی جانب سے روسی ذرائع ابلاغ کی سرگرمیوں پر عائد کی جانے والی پابندیوں کے جواب میں کیا ہے۔

واضح رہے کہ یورپی ممالک نے روسی خبررساں ایجنسی تاس، ٹی وی چینل رشیاٹوڈے، اسپوتنک نیوز اور روزنامہ کامرسنٹ پر پابندیاں عائد کر رکھی ہے۔



from عالمی خبریں – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/DC9roW8

No comments