سپر پاور امریکا میں بھی بجلی بحران کا خدشہ
سپر پاور امریکا پر بھی بجلی بحران کا خطرہ منڈلانے لگا ہے جس کی وجہ عالمی سطح پر بڑھتے درجہ حرارت کے نتیجے میں گرڈ پر پڑنے والا دباؤ ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا کے بجلی فراہم کرنے والے اداروں کو سپلائی کی کمی کا سامنا ہے جس کی وجہ عالمی سطح پر بڑھنے والا درجہ حرارت ہے جس کی وجہ سے گرڈ پر دباؤ بڑھ رہا ہے کیونکہ گرمی سے بچنے کیلیے ایئرکنڈیشن کے استعمال میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق امریکا میں موسم پہلے ہی 30 سالہ اوسط سے 21 فیصد زیادہ گرم ہے اور اسی حوالے سے فیڈرل انرجی ریگولیٹری کمیشن (ایف ای آر سی) جیسی پاور ریلئیبلٹی کی ذمے دار وفاقی ایجنسیوں نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے مغربی نصف حصے میں گرڈز کو اس موسم گرما میں مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ صارفین گرمی سے بچنے کے لیے ایئر کنڈیشنرز کا استعمال بڑھا رہے ہیں.
پاور کمپنیوں کو خدشہ ہے کہ وہ بندش سے بچنے کے لیے آلات کو اتنی تیزی سے ٹھیک کرنے کے لیے اسپیئر پارٹس دستیابی کو یقینی نہیں بناسکیں گے کیونکہ دستیاب آلات پہلے ہی گرمی کی وجہ سے مسائل کا سامنا کررہے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گرڈ آپریٹرز کو اس وقت ٹرانسفارمرز کی شدید کمی کا سامنا ہے، جو کہ ہائی وولٹیج کی توانائی کو گھروں میں استعمال ہونے والی بجلی میں تبدیل کرتے ہیں۔ دو انڈسٹری ایسوسی ایشنز کے مطابق ان میں سے کچھ کو ٹرانسفارمر پارٹس کے لیے ایک سال یا اس سے زیادہ انتظار کرنا پڑا ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق غیر متوقع موسمی حالات کے لیے اسپیئر پارٹس کو محفوظ رکھنے کے لیے یوٹیلیٹی آپریٹرز اپنی دیکھ بھال کے طریقہ کار کو تبدیل کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ٹیکساس کی الیکٹرک ریلائیبلٹی کونسل (ERCOT) کو مئی کے وسط میں گرمی کی لہر کے دوران چھ پاور پلانٹس آف لائن ہونے کے بعد صارفین سے توانائی کے استعمال کو کم کرنے اور ایئر کنڈیشنرز پر درجہ حرارت کو بڑھانے کے لیے کہنا پڑا تھا جب کہ گزشتہ ماہ اوہائیو میں تقریباً 200,000 گھر اور کاروبار ریاست بھر میں طوفان کی وجہ سے ٹرانسمیشن لائنوں کو نقصان پہنچانے کے بعد بجلی کے بغیر رہے، اور گرڈ آپریٹر کو کچھ علاقوں میں بجلی کاٹنا پڑی تاکہ باقی لائنوں کو اوور لوڈ ہونے سے بچایا جا سکے۔
from عالمی خبریں – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/bXckS7l
No comments