Breaking News

دورہ سعودی عرب: امریکی صدر کی شاہ سلمان اور ولی عہد سے ملاقات

جدہ: امریکی صدر جوبائیڈن دو روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی، جس میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بھی موجود تھے۔ ملاقات میں سعودی عرب اور امریکہ کے تاریخی تعلقات اور مختلف شعبوں میں دوست عوام اور دونوں ملکوں کے مفادات کی تکمیل میں معاون طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق ملاقات میں امریکی صدر نے سعودی تیل کی پیداوار بڑھانے، انسانی حقوق اور سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر بات چیت کی۔

قبل ازیں امریکی صدر ملاقات کیلئے کنگ پیلس جدہ پہنچے، جہاں ان کا استقبال سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کیا۔

خیال رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن صدارت کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ مشرق وسطی کے دورہ پر ہے، انہوں نے مشرق وسطیٰ کے دورہ کا آغاز اسرائیل کے دو روزہ دورے سے کیا، دورہ کے دوران امریکی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم، فلسطینی صدر سے ملاقاتیں کی۔

دورہ اسرائیل مکمل کرنے کے بعد جوبائیڈن اسرائیل سے سعودی عرب روانہ ہوئے، اس موقع پر صدر بائیڈن کو ایئرپورٹ پر اسرائیلی صدر، وزیراعظم نے الوداع کیا۔

امریکی صدر بائیڈن اسرائیل سے سعودی عرب کے دورے پر جدہ پہنچے، جہاں امریکی صدر کا استقبال مکہ کے گورنر خالدبن فیصل السعود نے کیا۔



from عالمی خبریں – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/FO0VXqL

No comments