حماس نے اسرائیل کیلئے جاسوسی کرنے والے 2 افراد کو پھانسی دے دی
غزہ: غزہ کی پٹی کی حکمراں جماعت حماس نے اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں 2 فلسطینیوں سمیت 5 افراد کو پھانسی دے دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ کی حکمراں پارٹی حماس کی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آج صبح 5 ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر دی گئی سزائے موت پر عمل درآمد کیا گیا۔ وزارت داخلہ نے کہا کہ ان ملزمان کو صفائی کا مکمل موقع دیا گیا اور انصاف کے تمام تقاضوں کو پورا کیا گیا۔
وزارت داخلہ نے کسی بھی شخص کی مکمل شناخت ظاہر نہیں کی، جاری بیان میں بتایا کہ تین افراد کو قتل جبکہ 44 اور 54 سالہ افراد کو اسرائیل کیلئے جاسوسی کے الزام میں سزائے موت دی گئی ہے، دونوں افراد نے اسرائیل کو ایسی معلومات فراہم کی تھیں جو فلسطینیوں کے قتل کا باعث بنیں۔
خیال رہے کہ 2017 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ فلسطینی علاقوں میں کسی شخص کی سزائے موت پر عملدرآمد کیا گیا ہے۔
فلسطینی اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں نے سزائے موت کی مذمت کی ہے اور حماس اور فلسطینی اتھارٹی پر زور دیا ہے کہ وہ اس عمل کو ختم کریں۔
اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔
from عالمی خبریں – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/Dygn5Hv
No comments