Breaking News

منچھر جھیل کے پانی کو دریا میں ڈالنے کے لیے 3 کٹ لگا دیے گئے

جامشورو: منچھر جھیل کے پانی کو دریا میں ڈالنے کے لیے کٹ لگا دیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق منچھر جھیل کے پانی کو دریا میں ڈالنے کے لیے گاؤں کرم پور کے قریب ایل ایس ڈیم کو 3 مقامات پر کٹ لگا دیا گیا۔

کٹ لگنے سے کرم پور سمیت سیہون کی 17 متاثرہ یونین کونسلز میں سیلابی پانی کا دباؤ کم ہوگا، منچھر جھیل میں کٹ ہیوی مشینوں کے ذریعے لگائے گئے۔

کٹ لگانے کے عمل کی ڈپٹی کمشنر جامشورو فرید الدین نے خود نگرانی کی، منچھر جھیل کا پانی دریائے سندھ میں داخل ہونے لگا ہے، تاہم گاؤں کرمپور پر کٹ لگنے کے بعد سیہون کا دادو اور لاڑکانہ سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔

دوسری طرف سانگھڑ کو بچانے کی آخری کوشش کے طور پر بپھرے سیم نالے کے پانی کا رخ موڑنے کے لیے مٹھڑاؤ نہر میں کٹ لگا دیا گیا ہے۔

کٹ لگنے سے کئی دیہات زیر آب آ گئے ہیں، جس پر مکین احتجاج کر رہے ہیں، اور انھوں نے نوابشاہ روڈ پر دھرنا دے دیا ہے۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ ایک لاکھ آبادی کو ڈبو دیا گیا ہے، نکاسی آب نہ ہوئی تو حفاظتی بند توڑ دیں گے۔

ادھر دادو کی ایم این وی ڈرین میں شگاف پڑ گیا ہے، جس سے مختلف علاقے ڈوب گئے ہیں۔



from پاکستان – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/2YlvsAg

No comments