Breaking News

پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی کیس، ن لیگی ایم پی ایز کی ضمانت میں توسیع

پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کیس میں عدالت نے ن لیگی اراکین اسمبلی کی عبوری ضمانت میں 20 ستمبر تک توسیع کردی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کیس میں لیگی رہنما عطا تارڑ، رانا مشہود اور دیگر ملزمان سیشن کورٹ میں پیش ہوئے، عدالت نے لیگی ایم پی ایز کی ضمانت میں 20 ستمبر تک توسیع کرتے ہوئے سی سی پی او کو کل تفتیشی افسر کو پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

کیس کی سماعت کرتے ہوئے جج نے کہا کہ اسمبلی تنصیبات اور زدوکوب کے الزامات ہیں، اسمبلی ملازم نے بیان دیا ہے کہ عطا تارڑ نے تشدد کا نشانہ بنایا۔

جس پر عطا تارڑ نے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کوئی تشدد نہیں کیا آپ ان کو بلا لیں۔

ملزمان کے وکیل نے کہا کہ یہ سب کچھ سابق سیکرٹری اسمبلی محمدخان بھٹی کی ایما پر کیا جا رہا ہے، نوازنے کے لیے سابق سیکریٹری اسمبلی کو اب وزیراعلیٰ کا پرنسپل سیکرٹری بنا دیا گیا ہے۔

رانا مشہود نے کہا کہ کل رات بھونڈی حرکت کی گئی، رات کو نوٹس چسپاں کیا گیا، یہ تھانے میں بلا کر تضحیک کرتے ہیں، پنجاب اسمبلی ممبران کیخلاف ایک سے زائد مقدمات درج کیے گئے ہیں،15 دن کے لیے پنجاب اسمبلی میں داخلے پر پابندی بھی لگا دی گئی۔

رانا مشہود نے مزید کہا کہ عطا تارڑ اسمبلی کے اندر موجود ہی نہیں تھے، یہ صرف سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، انہوں نے پرائیویٹ لوگ اور گجرات کے غنڈوں کے ذریعے اسمبلی پر حملہ کرایا۔

سیشن جج نے کمرہ عدالت میں خاموشی اختیار نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا اور جج یاسین موہل نے کہا کہ پیچھے موجود لوگوں کی آواز آگے کھڑے لوگوں سے زیادہ آرہی ہے۔

اس موقع پر لیگی رہنماؤں نے اپنا بیان کمرہ عدالت میں ریکارڈ کرانے کی استدعا کر دی اور رانا مشہود نے کہا کہ ہمارا بیان پولیس اسٹیشن میں نہیں کمرہ عدالت میں  لیا جائے، تفتیشی افسر ایک دن بھی کمرہ عدالت میں نظر نہیں آیا، آج کوئی وقت رکھ لیا جائے، تفتیشی افسر آئے اور بیان ریکارڈ کر لے۔



from پاکستان Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/87DdMK4

No comments