آئندہ دنوں میں گندم کی قلت کا اندیشہ ہے، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کی وجہ سے آنے والے دنوں میں گندم کی قلت ہو سکتی ہے، گندم درآمد کرنے سے زرمبادلہ کے ذخائر پر بوجھ پڑے گا۔
پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں سیاست بالائے طاق رکھ کر عوام کی خدمت کریں، یہ وقت اکھٹے ہونے کا ہے نہ کہ انتشار پھیلانے کا، سیاست بعد میں کر لیں گے ابھی آئیں پہلے مل کر پاکستان کو بچائیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ کروڑوں لوگوں کے دکھ و درد میں سب کو شریک ہونا چاہیے، دن رات محنت کر کے مل کر پاکستان کی معیشت کو بحال کریں، پچھلی حکومت کو اگر قوم کا درد ہوتا تو سستی گیس خریدنے کے فیصلے کیے جاتے، کورونا وبا کے دوران 3 ڈالر پر گیس مل رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں مختلف بیماریاں پھیلنا شروع ہوگئیں جن کی روک تھام بہت بڑا چیلنج ہے، آج کی میٹنگ کا مقصد سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے اقدامات سے آپ کو آگاہ کرنا ہے، حالیہ سیلاب پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب ہے، تباہ کن سیلاب سے ہزاروں دیہات صفحہ ہستی سے مٹ چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پوری ایمانداری سے متاثرین کی امداد اور بحالی کی کاوشیں کر رہے ہیں، متحدہ عرب امارات، قطر اور ترکیہ سے امدادی سامان کے جہاز پہنچ رہے ہیں، ترکیہ سے ٹرین کے ذریعے بھی امدادی سامان پہنچ رہا ہے، امریکا اور برطانیہ کی جانب سے متاثرین کے لیے امدادی رقوم کا اعلان کیا گیا ہے۔
from پاکستان – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/CEgVaIB
No comments