Breaking News

منچھر جھیل کا سیلابی پانی شہر بھان سعید آباد تک پہنچ گیا، جیکب آباد میں کینال ڈیم بن گیا

جامشورو: منچھر جھیل کا سیلابی پانی شہر بھان سعید آباد تک پہنچ گیا ہے، جب کہ جیکب آباد میں کھیرتھر کینال کے ایک ریگولیٹر کے مقام پر ڈیم بن گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق منچھر جھیل کا سیلابی پانی بھان سعید آباد شہر تک پہنچ گیا، ریسکیوذرائع کا کہنا ہے کہ سیلابی پانی بھان سعید آباد شہر کے محفوظ بند کو بھی کراس کرنے لگا ہے۔

سیلابی پانی سے گرڈ اسٹیشن بھان سعید آباد مکمل طور پر ڈوب گیا ہے، جہاں 5 سے 8 فٹ پانی جمع ہے، سیلابی پانی کا ریلا یونین کونسل شیخ کو متاثر کر کے شہر کی طرف بڑھنے لگا ہے۔

ادھر جیکب آباد میں کھیرتھر کینال کے گڑنگ ریگولیٹر پر پانی کا دباؤ خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے، گڑنگ ریگولیٹر پر گیٹ بند ہونے کے باعث کینال ڈیم کی شکل اختیار کر گیا۔

کھیرتھر کینال میں شگاف پڑنے پر گڑھی خیرو تعلقہ زیر آب آنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

خیرپور، پیروسن میں سیلاب سے تباہی مچ گئی ہے، جہاں 100 دیہات زیر آب آ گئے ہیں، اور مہران ہائی وے کے اطراف 15 فٹ تک سیلابی پانی جمع ہو چکا ہے۔

سیلابی ریلوں کے باعث سیکڑوں افراد محصور ہو گئے ہیں، کئی علاقوں سے مکینوں نے نقل مکانی کر لی ہے، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں فوری ریسکیو آپریشن شروع کیا جائے۔



from پاکستان Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/B0FfYA9

No comments