Breaking News

توہین عدالت کیس : وزارت داخلہ نے عمران خان کیخلاف مزید شواہد جمع کرادیئے

اسلام آباد : وزارت داخلہ نے توہین عدالت کے معاملے پر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کیخلاف مزید شواہد جمع کرادیے۔

تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کیخلاف توہین عدالت کیس میں مزید شواہد جمع کرادیئے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جمع کرائے گئے شواہد میں مختلف رہنماؤں کے ٹوئٹس، اخباری تراشے شامل ہیں۔

وزارت داخلہ نے بطور شواہد 25 مئی کے احتجاج کے دوران کے مختلف وڈیو کلپس بھی جمع کرائے۔

خیال رہے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت آج ہوگی، چیف جسٹس کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجربینچ سماعت کرے گا۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے لانگ مارچ کے معاملے پر عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ عمران خان اسلام آباد کی جانب مارچ اور احتجاج کے اعلانات کر رہے ہیں، وہ سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

درخواست میں کہا تھا کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو پُرامن احتجاج کی اجازت دی تھی مگر چیئرمین پی ٹی آئی اسلام آباد پر چڑھائی کے اعلانات کر رہے ہیں۔

15 اکتوبر کو حکومت نے عدالت سے توہین عدالت کی درخواست پر جلد سماعت کی استدعا کی تھی۔



from پاکستان Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/OvQbYUK

No comments