Breaking News

واشنگٹن داعش کی سرپرستی کر کے افغانستان میں شکست کا بدلہ طالبان سے لینا چاہتا ہے: روس

ماسکو: روس نے الزام لگایا ہے کہ امریکا افغانستان میں داعش کی خفیہ سرپرستی کر رہا ہے، اور اس طرح شکست کا بدلہ طالبان سے لینا چاہتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق روس کے خصوصی صدارتی ایلچی برائے افغانستان ضمیر کابلوف نے جمعے کو ایک روسی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امریکا افغانستان میں داعش کی سرپرستی کر کے ہمارے وسط ایشیائی شراکت داروں کے استحکام کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ امریکا افغانستان میں طالبان مخالف مسلح گروپوں کی مدد کر رہا ہے، امریکا کوشش کر رہا ہے کہ شورش زدہ سرزمین پر امن قائم نہ ہو۔

ضمیر کابلوف کا کہنا تھا کہ افغانستان میں مسلح اپوزیشن کے ساتھ رابطے برقرار رکھنے کے علاوہ امریکا خفیہ طور پر اسلامک اسٹیٹ کے ارکان کی سرپرستی کرتا ہے، جو نہ صرف وسطی ایشیا اور افغانستان کے دیگر ہمسایہ ممالک کے استحکام کے خلاف ہیں، بلکہ روس کی سلامتی کے بھی خلاف ہیں۔

کابلوف نے نشان دہی کی کہ امریکا افغانستان میں اپنی شرمناک فوجی اور سیاسی شکست کا بدلہ لینے کے لیے بہت بے چین ہیں، واشنگٹن افغانستان میں شکست کا بدلہ طالبان سے لینا چاہتا ہے۔

روسی ایلچی نے مزید کہا کہ جوابی کارروائی کے طور پر، امریکا اس درد بھری سرزمین پر امن کو آنے سے روکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/xj7hslN

No comments