صدر بائیڈن کے گھر پر چھاپے میں مزید خفیہ دستاویزات برآمد
واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن کے گھر پر چھاپے میں مزید خفیہ دستاویزات برآمد ہو گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ انصاف کو بائیڈن کے گھر کی تلاشی میں مزید کلاسیفائیڈ دستاویزات ملی ہیں، 6 خفیہ دستاویزات بائیڈن کے بطور سینیٹر اور اوباما دور میں بطور نائب صدر کام کرنے سے متعلق ہیں۔
امریکی صدر کے ایک وکیل نے ہفتے کی رات ایک بیان میں کہا کہ امریکی محکمہ انصاف کی طرف سے جمعہ کے روز ولمنگٹن، ڈیلاویئر میں صدر جو بائیڈن کے گھر کی ایک نئی تلاشی میں چھ مزید آئٹمز ملی ہیں، جن میں نہایت خفیہ دستاویزات بھی شامل ہیں۔
وکیل باب باؤر کے مطابق کچھ خفیہ دستاویزات اور ’دیگر مواد‘ امریکی سینیٹ میں بائیڈن کے دور سے متعلق ہیں، جہاں انھوں نے 1973 سے 2009 تک ڈیلاویئر کی نمائندگی کی۔ باؤر نے کہا کہ دیگر دستاویزات 2009 سے 2017 تک اوباما انتظامیہ میں نائب صدر کے طور پر ان کے دور کی تھیں۔
وکیل کے مطابق محکمہ انصاف نے 12 گھنٹے تک گھر کی تلاشی لی، اور اہل کاروں نے کچھ ایسے نوٹ بھی لیے ہیں جو، بائیڈن نے بطور نائب صدر ذاتی طور پر ہاتھ سے لکھے تھے۔
ڈیلاویئر میں بائیڈن کی رہائش گاہ سے مزید 5 حساس دستاویزات برآمد
باؤر نے کہا کہ صدر بائیڈن نے خود مکمل تلاشی کے لیے اپنے گھر تک رسائی دی، تاکہ محکمہ انصاف ہر طرح کے ریکارڈ اور خفیہ دستاویزات تک رسائی کر سکے۔
اٹارنی نے کہا کہ تلاشی کے دوران نہ بائیڈن اور نہ ہی ان کی اہلیہ موجود تھیں، امریکی صدر ڈیلاویئر کے ریہوبوتھ بیچ میں گزار رہے ہیں۔ تاہم تلاشی کے وقت صدر کے ذاتی اور وائٹ ہاؤس کے وکلا موجود تھے۔
ہفتے کے روز باؤر نے اپنے بیان میں یہ واضح نہیں کیا کہ ولیمنگٹن کے گھر میں یہ دستاویزات کہاں سے ملیں، پچھلی خفیہ دستاویزات گھر کے گیراج اور قریبی اسٹوریج کی جگہ سے ملی تھیں۔
روئٹرز کے مطابق تلاش سے پتا چلتا ہے کہ وفاقی تفتیش کار بائیڈن کے قبضے سے ملنے والی خفیہ دستاویزات کی تحقیقات کے ساتھ تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں، اس ماہ امریکی اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ نے اس معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی وکیل بھی نامزد کیا ہے۔
یاد رہے کہ دیگر خفیہ سرکاری دستاویزات اس ماہ بائیڈن کی ولیمنگٹن رہائش گاہ سے، اور نومبر میں ایک نجی دفتر سے برآمد ہوئی تھیں، جو انھوں نے 2017 میں اوباما انتظامیہ میں نائب صدر کے طور پر اپنی مدت ختم ہونے کے بعد رکھی تھیں۔
from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/j5ChyOK
No comments