Breaking News

برازیل: صدر نے آرمی چیف کو برطرف کر دیا

برازیل کے صدر لولا ڈی سلوا نے ملک میں بڑھتے ہوئے حکومت مخالف مظاہروں کے بعد آرمی چیف جولیو سیزر ڈی اروڈا کو برطرف کر دیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق برازیل کے صدر لولا ڈی سلوا نے دارالحکومت برازیلیا میں دو ہفتوں کے احتجاج کے بعد چند ہفتے قبل آرمی چیف کا عہدہ سنبھالنے والے جنرل جولیو سیزر ڈی اروڈا کو عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔ ان کی جگہ صدر کے قریبی تصور کیے جانیوالے کمانڈر جنرل ٹومس ربیریو پیویا کو نیا آرمی چیف لگایا جا رہا ہے جنہوں نے مظاہرین سے پُر امن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے عوام کو صدارتی انتخابات کے نتائج کو تسلیم کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

صدر لولا ڈی سلوا کا کہنا ہے انہیں شک ہے کہ آرمڈ فورسز کے اہلکار بھی مظاہرین کے ساتھ ملے ہوئے تھے۔ برازیل کے صدر نے حالیہ دنوں فوج کے کئی افسران کو برطرف کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق برازیل کے سابق صدر جیر بولسونارو کے ہزاروں حامیوں نے 8 جنوری کو دارالحکومت برازیلیا میں مظاہرہ کیا تھا اور مظاہرین نے نیشنل کانگریس، صدارتی محل اور سپریم کورٹ پر سرکاری عمارتوں پر حملے بھی کیے تھے۔ اس احتجاج کے نتیجے میں درجنوں سیکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے تھے۔

برازیل کے پولیس حکام کے مطابق 8 جنوری کو ہونے والے پُر تشدد مظاہروں میں 2000 افراد کو حراست میں لیا گیا تھا جس میں سے 1200 تاحال زیر حراست ہیں۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/w2O9mW7

No comments