آپریشنل تیاری اور پولیس کی استعداد میں اضافے پر فوری توجہ دینا ہوگی: وزیر اعظم
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کے لیے پوری ریاستی قوت اور اشتراک عمل کو بروئے کار لانا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کراچی پولیس آفس پر دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیر اعظم نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے آپریشن میں جام شہادت نوش کرنے والوں کو شہدا پیکج دینے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایک گھنٹہ طویل آپریشن میں فورسز نے پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آپریشنل تیاری اور پولیس کی استعداد میں اضافے پر فوری توجہ دینا ہوگی، دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کے لیے پوری ریاستی قوت اور اشتراک عمل کو بروئے کار لانا ہوگا۔
وزیر اعظم نے آپریشن میں زخمیوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں پولیس چیف آفس پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا، سیکیورٹی فورسز کے بروقت آپریشن میں تمام دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آپریشن میں 2 پولیس اہلکار اور ایک رینجرز اہلکار شہید اور ایک خاکروب جان کی بازی ہار گیا جبکہ 10 افراد زخمی بھی ہوئے۔
from پاکستان Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/VKXFaHO
No comments