Breaking News

کراچی پولیس آفس پر حملہ: دیگر سرکاری محکمے بھی الرٹ

کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پولیس آفس پر حملے کے بعد ایم ایس پولیس اسپتال کی جانب سے اضافی سیکیورٹی مانگ لی گئی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس آفس پر حملے کے بعد دیگر سرکاری محکمے بھی الرٹ ہوگئے، ایم ایس پولیس اسپتال نے اے آئی جی ویلفیئر کو سیکیورٹی کے لیے خط لکھ دیا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ پولیس اسپتال کراچی کی سیکیورٹی بڑھائی جائے، پولیس اسپتال کے لیے کم از کم 12 سیکیورٹی گارڈز فراہم کیے جائیں۔

خط کے مطابق سیکیورٹی گارڈز صبح، شام اور رات کی شفٹوں میں کام کریں گے، اسپتال میں مکمل بیریئر اور واک تھرو گیٹ لگایا جائے، اور سیکیورٹی پر مامور عملے کو میٹل ڈیٹیکٹر فراہم کیا جائے۔

خیال رہے کہ جمعہ 17 فروری کی شب کراچی میں پولیس چیف آفس پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا، سیکیورٹی فورسز کے بروقت آپریشن میں تمام دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

آپریشن میں 2 پولیس اہلکار اور ایک رینجرز اہلکار شہید اور ایک خاکروب جان کی بازی ہار گیا جبکہ 10 افراد زخمی بھی ہوئے۔

پولیس حکام کے مطابق حملہ آوروں میں شامل خودکش بمبارکی شناخت زالا نور کے نام سے ہوئی جس کا تعلق وزیرستان سے تھا، دوسرا دہشت گرد لکی مروت کا رہائشی کفایت اللہ اور تیسرا دہشت گرد شمالی وزیرستان کا رہائشی مجید بلوچ تھا۔



from پاکستان Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/1dLjSHV

No comments