Breaking News

بھارت میں مسلمان پولیس آفیسر نے 80 بچوں کی جان بچا لی، ویڈیو وائرل

بھارت کی ریاست مغربی بنگال میں مسلمان پولیس آفیسر نے بچوں سے بھری کلاس میں مسلح شخص کا حملہ ناکام بنا دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع مالدہ کے نجی اسکول میں اچانک مسلح شخص بچوں سے بھری کلاس میں گھس آیا جس کے ایک ہاتھ میں بندوق اور دوسرے میں پیٹرول بم تھا۔

کلاس میں 80 بچے بیٹھے تھے جسے مسلح شخص نے کافی دیر سے یرغمال بنا رکھا تھا۔ اس نے کمرے کو بم سے اڑانے کی دھمکی بھی دی۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر مسلح شخص سے بات چیت کے ذریعے معاملہ حل کرنے کی کوشش کی لیکن وہ نہیں مانا۔ اس دوران ایک بہادر مسلمان پولیس آفیسر ڈی ایس پی اظہر الدین ملزم کو پکڑنے میں کامیاب ہوگئے۔

اظہر الدین نے ملزم کے قریب پہنچ کر اچانک چھلانگ لگائی اور اس کے دونوں ہاتھوں کو پکڑ لیا جبکہ دیگر لوگ بھی آگئے۔ بچوں کو فوری طور پر کلاس سے نکال کر محفوظ جگہ منتقل کیا گیا۔

سوشل میڈیا پر اس منظر کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور ہر کسی نے مسلمان پولیس آفیسر کا شکریہ ادا کیا اور ان کی بہادری کو سراہا۔

پولیس کے مطابق ملزم ذہنی مریض ہے جو پہلے بھی اسلحہ کے ساتھ تصاویر بنوانے پر گرفتار ہو چکا ہے، اس کے پاس سے دو چاقو بھی برآمد ہوئے۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/hCLG8fq

No comments