Breaking News

ڈونلڈ ٹرمپ کی خاتون وکیل کون ہیں؟

سابق امریکی صدر کا ستارا ان دنوں گردش میں ہیں اور وہ کئی مقدمات کا سامنا کررہے ہیں کیا آپ جانتے ہیں کہ ان کی وکیل کون ہیں؟ اور کس ملک سے تعلق رکھتی ہیں؟

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دفاع میں ایک عراقی وکیل الینا حبہ نہایت متحرک ہیں اور میڈیا پر دکھائی دے رہی ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ کی قانونی جنگ کے دوران الینا حبہ کھل کر سابق صدر کی حمایت کرتی آئی ہیں۔

الینا حبہ نیو یارک کی ایک لا فرم حبا مڈایو میں مینیجنگ پارٹنر ہیں اور ان کے شوہر میتھیو آئیٹ بھی وکیل ہیں جو اپنی لا فرم چلاتےہیں، وہ اپنی قانونی صلاحیتوں کے باعث مختلف نوعیت کے کیسز لڑتی آئی ہیں جن میں کمرشل اسٹیٹ، فیملی لا، تعمیراتی اور دیگر شعبوں سے متعلق معاملات شامل ہیں۔

مسیحی مذہب سے تعلق رکھنے والے الینا حبہ کے والدین مذہبی ظلم و ستم کے باعث اسی کے اوائل میں عراق چھوڑنے پر مجبور ہوئے، جس کے بعد الینا حبہ اور ان کے دونوں بہن بھائیوں کی پیدائش ریاست نیوجرسی میں ہوئی۔

گزشتہ ہفتے مین ہیٹن کی گرینڈ جیوری نے سابق صدر پر تیس سنگین الزامات عائد کیے تھے جن میں سے ایک پورن اسٹار سٹورمی ڈینیئلز کو خاموش رہنے کے لیے رقم ادا کرنا بھی تھا۔

ستمبر دو ہزار اکیس میں الینا حبہ نے ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف دائر ایک سو ملین ڈالر کے مقدمے میں نمائندگی کی تھی جو سابق صدر کی بھانجی میری ٹرمپ نے ان پر دائر کیا تھا۔

حال ہی میں الینا حبہ نے ٹرمپ کو درپیش قانونی مسائل کا افریقی امریکی ریپر ٹوپاک شکور اور نوٹوریئس بی آئی جی سے موازنہ کیا تھا جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

الینا حبہ سے جب سوال کیا گیا کہ کیا ان کے خیال میں ٹرمپ کو نیو یارک سے انصاف مل سکتا ہے، جس پر عراقی وکیل نے نفی میں جواب دیتے ہوئے کہا ’ میرے خیال میں یہ بہت مشکل ہے لیکن میں ریاست پر اعتماد کرنا چاہوں گی۔

 انہوں نے کہا کہ گزشتہ کچھ سالوں سے میں ان کی وکیل ہوں اور نیو یارک کی عدالت میں جاتی رہی ہوں، اور میں یہ کہہ سکتی ہوں کہ کسی اور کی نمائندگی کرنے سے یہ تجربہ بالکل الگ ہے۔‘



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/PyVnvpO

No comments