Breaking News

بھارتی کیمیکل فیکٹری میں زبردست دھماکا، لوگوں کے چیتھڑے اڑ گئے

بلند شہر: بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک کیمیکل فیکٹری میں دھماکے سے 4 افراد ہلاک ہو گئے، مرنے والوں کے چیتھڑے اڑ کر دور گرے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتر پردیش کے بلند شہر میں جمعہ کو ایک کیمیکل فیکٹری میں زوردار دھماکا ہوا جس میں کم از کم چار افراد ہلاک ہو گئے، مرنے والوں‌ کی لاشوں‌ کے چیتھڑے اڑ گئے۔

دھماکے کی آواز اتنی شدید تھی کہ دو کلو میٹر دور تک سنی گئی، دھماکے کے وقت کھیتوں‌ کے درمیان واقع فیکٹری میں‌ کام کر رہے تھے، واقعے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

کیمیکل فیکٹری کے آس پاس موجود عمارتوں کے دروازوں اور کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

پولیس کے مطابق نیا گاؤں کے مکان کے اندر غیر قانونی کیمیکل فیکٹری چل رہی تھی، فیکٹری مالک راج کمار واقعے کے بعد فرار ہو گیا۔

پولیس نے راجکمار کے بھائی پرمود کو گرفتار کر لیا، موقع پر ملے ایمیزون کے ریپر پر لکھے جی ایس ٹی نمبر سے فیکٹری کے مالک کی شناخت کی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا سلنڈر کا تھا، کیمیکل فیکٹری سے کئی خالی کچھ بھرے ہوئے سلنڈر بھی برآمد ہوئے، خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کسی سلنڈر میں رِساؤ ہونے سے پہلے فیکٹری میں آگ لگی، اور پھر دھماکا ہوا۔

دھماکے کی وجہ سے فیکٹری میں موجود کچھ ملازمین کے چیتھڑے اڑ کر آس پاس کے کھیتوں میں جا گرے، پولیس نے اِدھر اُدھر تلاش کرنے کے بعد لاشوں اور اس کے ٹکڑوں کو اکٹھا کر کے پوسٹ مارٹم کے لیے بھیجا۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/gnHpEMD

No comments