Breaking News

اسکول بس ڈرائیور کی انوکھی حرکت نے بچوں کو لہولہان کردیا

امریکا میں اسکول بس کے ڈرائیور نے ظلم کی انتہا کردی، چھوٹی کلاس کے بچوں کو ڈرانے کیلئے ایسی حرکت کی کہ بچے لہولہان ہوگئے۔

یہ واقعہ امریکا کی مغربی ریاست کولوراڈو کے ایک اسکول بس میں پیش آیا، جس کے بعد طلباء و طالبات کے والدین میں خوف و ہراس پھیل گیا انہوں نے متعلقہ حکام سے ملزم کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کولوراڈو کے ایک اسکول بس کے ڈرائیور کیخلاف 30سے زائد بچوں پر تشدد اور ان کو جان بوجھ کر زخمی کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، ڈرائیور نے بچوں کو بس میں شرارتیں کرنے سے منع کیا اور اس کا کہنا نہ ماننے پر اس نے ایسی حرکت کی کہ جس سے متعدد بچوں کو شدید چوٹیں آئیں۔

ڈرائیور نے بس میں کھیل کود کرنے والے بچوں کو سبق سکھانے کیلیے چلتی بس کو اچانک ایمرجنسی بریک لگائے کہ بچے جھٹکے سے گرے یہ عمل اس نے باربار کیا جس سے کسی کے بازو زخمی ہوئے تو کسی بچے کا سر پھٹ گیا۔

یہ سارا منظر بس میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگیا، بس ڈرائیور برائن فٹزجیرالڈ کا مؤقف ہے کہ بس میں موجود بچے بدتمیزی کر رہے تھے تو اس نے انہیں سزا دینے کیلئے ایسا کیا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ ڈرائیور 9 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے بس چلا رہا تھا کہ اس نے اچانک بریک لگا دی جس سے بچوں کو چوٹ لگی اور وہ لہولہان ہوگئے۔

فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ ڈرائیور بچوں کو مخاطب کرکے کہہ رہا ہے کہ تم لوگ دیکھنا چاہتے ہو کہ یہ کتنا خطرناک ہے؟ اس نے بچوں کو ڈانٹتے ہوئے مزید کہا کہ تم سب فوراً اپنی نشستوں پر ٹھیک سے بیٹھ جاؤ۔

پھر اچانک بس ڈرائیور نے بریک ماری اور بچے بری طرح گر پڑے ایک بچے کو اتنی شدید چوٹ لگی کہ اس کے گال سے خون بہنے لگا۔

واقعے کیخلاف بچوں کے والدین کا کہنا ہے کہ ڈرائیور کیخلاف عدالتی کارروائی میں اگر ضرورت پڑی تو وہ اپنے بچوں کے ساتھ گواہی کیلئے پیش ہوں گے۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/W03TFBX

No comments