Breaking News

‎نیویارک: یو این ہیڈکوارٹر پر مقبوضہ کشمیر میں جی 20 اجلاس کے خلاف احتجاج

‎نیویارک: یو این ہیڈکوارٹر پر مقبوضہ کشمیر میں جی 20 اجلاس کے خلاف احتجاج کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق امریکی شہر نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر کے سامنے مقبوضہ کشمیر میں جی ٹوئنٹی اجلاس کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ امریکا میں آباد کشمیریوں نے احتجاجی مظاہرے کا اہتمام کیا، جس میں ڈیجیٹیل ٹرک کے ذریعے بھی آگاہی دی گئی۔‎

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے دفتر میں یادداشت پیش کی گئی جس میں دیگر مسائل کے علاوہ انسانی حقوق کے محافظوں اور سیاسی قیدیوں کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔

واشنگٹن میں قائم ورلڈ کشمیر اویئرنس فورم کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا کہ جی ٹوئنٹی اجلاس سلامتی کونسل کی 16 سے زائد قراردادوں کے منافی ہے‎۔ سابق ممبر کشمیر کونسل ‎سردار سوار خان نے کہا کہ جی ٹوئنٹی ممالک بھارت کے آلہ کار نہ بنیں۔

‎جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے راجہ مختار نے کہا کہ کشمیری عوام حق خود ارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں، ‎کشمیر مشن یو ایس اے کے سینئر وائس چیئرمین سردار تاج خان کا کہنا تھا کہ تنازعہ کشمیر کے حل تک خطے کا امن خطرے میں ہے۔

کشمیر امریکن ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل سردار ظریف خان نے یو این سکریٹری جنرل سے اپیل کی کہ وہ بھارتی مظالم کے خاتمے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرنے کے لیے کردار ادا کریں۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/ekIfzW8

No comments