Breaking News

اردن کے ولی عہد اور سعودی خاتون کی شادی کا 2 روزہ جشن شروع

اردن میں ولی عہد شہزادہ الحسین بن عبد اللہ الثانی کی سعودی خاتون انجینئر رجوۃ خالد السیف کے ساتھ شادی کے 2 روزہ جشن کا آغاز آج سے ہوگیا ہے۔

اردن کے سرکاری خبررساں ادارے کے مطابق شاہ عبداللہ الثانی اس موقع پر الہاشمی ایوان شاہی میں عشائیہ دیں گے جس میں چار ہزار سے زیادہ اردنی شہری شریک ہوں گے۔ عشایے کے دوران اردن کے گیت اور نظمیں پیش کی جائیں گی جن کے ذریعے ملک کے رنگا رنگ ثقافتی ورثے کا اظہار ہوگا۔

کل زہران محل میں نکاح کی رسم ادا ہوگی جس کے بعد شاہی جوڑے کا کارواں سرخ جلوس کے جلو میں الحسینیہ محل کا رخ کرے گا۔ اس موقع پر شاہی جوڑے کا کارواں دارالحکومت عمان کی متعدد سڑکوں سے گزرے گا۔ جنہیں قومی پرچموں سے آراستہ کر دیا گیا ہے۔

شادی کی خوشی میں ملکہ اردن رانیہ العبداللہ الحسینیہ محل میں استقبالیہ دیں گی جس کے بعد باقاعدہ عشایے کا اہتمام ہوگا۔

اردن کے شاہی جوڑے کی شادی کی تقریبات میں شرکت کے لیے مہمان عمان پہنچنے لگے ہیں جس میں برادر اور دوست ممالک کے سربراہ، ولی عہد اور ممتاز شخصیات شامل ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ان کی شادی کی تقریبات کا آغاز گزشتہ دنوں مہندی کی تقریب سے ہوا تھا جس میں ملکہ رانیہ کی جانب سے پرتکلف عشائیہ دیا گیا تھا۔ اس تقریب میں شاہی اور دلہن کے خاندان کے افراد کے علاوہ اہم شخصیات نے شرکت کی تھی۔

 

مہندی کی تقریب اور عشایے میں اردنی اور سعودی روایتی گیت گائے گئے تھے جب کہ نامور گلوکاروں اور میوزیکل گروپ نے بھی پرفارم کیا تھا۔

 

اس تقریب کے لیے ولی عہد کی ہونے والی دلہن رجوۃ خالد السیف نے مہنگے ترین سعودی برانڈ کا لباس زیب تن کیا تھا۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/4x5auk2

No comments