Breaking News

بکنگھم پیلس سج گیا، آج بادشاہ چارلس کو تاج پہنایا جائے گا

لندن: برطانیہ میں بکنگھم پیلس سج گیا ہے، آج بادشاہ چارلس کو تاج پہنایا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم کی تاج پوشی کی عظیم الشان تقریب کا آج آغاز ہوگا، یہ تقریب مذہبی رسومات اور شاہی شان و شوکت کا مظہر ہے، جس میں بادشاہ چارلس اور ان کی اہلیہ ملکہ کمیلا کی تاج پوشی ہوگی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق شاہ چارلس چالیسویں شاہی حکمران ہیں، جن کی تاج پوشی ویسٹ منسٹر ایبے میں ہو رہی ہے، آج کے دن ایک ہزار سال پرانے رسم و رواج پر عمل ہوگا۔

بکنگھم پیلس سے ویسٹ مِنسٹر ایبے تک ایک جلوس کے ساتھ تقریب کا باضابطہ آغاز ہوگا، بکنگھم پیلس کے خاص مہمانوں میں سابق فوجی اہلکار، نیشنل ہیلتھ سروس اور سوشل کیئر کا عملہ بھی شامل ہے، بکنگھم پیلس سے ویسٹ مِنسٹر ایبے جانے والے جلوس میں شامل مسلح افواج کے تقریباً 200 اہلکار ‘ایسکورٹ آف ہاؤس ہولڈ کیولری’ کے ہیں، راستے پر ایک ہزار دیگر اہلکار تعینات ہیں۔

یہ جلوس 1953 میں ملکہ الزبتھ دوم کی تاج پوشی کے موقع پر نکلنے والے جلوس سے چھوٹا ہے، 10:20 پر بکنگھم پیلس سے جلوس روانہ ہوگا، جلوس دی مال اور ٹریفیلگر اسکوائر کے بعد، وائٹ ہال اور پارلیمنٹ اسٹریٹ سے گزرتا ہوا پارلیمنٹ اسکوائر اور براڈ سینکچوری کی جانب مڑ کر ویسٹ منسٹر ایبے کے مغربی دروازے ’گریٹ ویسٹ ڈور‘ پہنچے گا۔

بادشاہ چارلس اور ملکہ کمیلا پارکر ڈائمنڈ جوبلی اسٹیٹ کوچ میں سوار ہوں گے، جسے 6 ونڈسر گرے گھوڑے کھینچیں گے، اسٹیٹ کوچ کے گرد بادشاہ کے محافظ موجود ہوں گے۔ 11:00 پر بادشاہ چارلس کا قافلہ بکھنگم پیلس سے 2 کلو میٹر کا فاصلہ طے کر کے صبح 11 بجے ویسٹ منسٹر ایبے پہنچے گا۔

بادشاہ چارلس پہلے بادشاہوں کی طرح روایتی لباس کی بجائے فوجی وردی پہنیں گے، صبح گیارہ بجے ویسٹ منسٹر ایبے میں تقریب تاج پوشی کا آغاز ہوگا، بادشاہ چارلس کو دن 12 بجے تاج پہنایا جائے گا۔ برطانوی بادشاہ چالس کی تاجپوشی کے بعد چرچ آف انگلینڈ کے پادریوں اور کینٹربری کے آرچ بشپ جسٹن ویلبی کی قیادت میں چرچ سروس ہوگی جو ایک بجے تک جاری رہے گی۔

تاجپوشی کے لیے شاہی خاندان کے ارکان، عالمی سربراہان، سول سوسائٹی کے اراکین سمیت 2 ہزار 300 افراد مدعو ہیں، تقریب کے بعد بادشاہ چارلس ملکہ کمیلا پارکر کے ہمراہ گولڈ اسٹیٹ کوچ میں سوار ہوکر بکھنگم پیلس لوٹ جائیں گے، بادشاہ چارلس اور ملکہ بکھنگم پیلس کے باہر ہجوم کا استقبال کرنے اور رائل ایئر فورس کا فلائی پاسٹ دیکھنے کے لیے تقریباً 2:15 پر بجے بالکونی میں نمودار ہوں گے۔

تقریب تاجپ وشی کے بعد اتوار کو تقریبات جاری رہیں گی، برطانیہ بھر میں ’بگ کورونیشن لنچ‘ اور’اسٹریٹ پارٹیز‘ ہوں گی۔

برطانوی بادشاہ کی تاج پوشی کے ساتھ لندن سمیت برطانیہ بھر میں تین روزہ جشن کا آغاز بھی ہو گیا ہے، کل رات آٹھ بجے ونڈسر کیسل میں ’کورونیشن کانسرٹ‘ منعقد ہوگا، جس میں ایک ہزار افراد شریک ہوں گے، جب کہ پیر 8 مئی کو برطانیہ بھر میں عام تعطیل ہوگی۔

یاد رہے کہ 74 سالہ بادشاہ 8 ستمبر 2022 کو ملکہ الزبتھ دوم کی موت کے بعد تخت پر بیٹھے تھے۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/DjRacQS

No comments