Breaking News

اردن کے ولی عہد کی شادی کی خوشی میں بڑا اعلان

اردن کے ولی عہد شہزادہ الحسین بن عبداللہ الثانی آج سعودی خاتون سے شادی کے بندھن میں بندھ رہے ہیں اس خوشی کے موقع پر الزرقا یونیورسٹی نے اہم اعلان کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اردن کے ولی عہد شہزادہ الحسین بن عبداللہ الثانی آج سعودی انجینیئر خاتون رجوۃ السیف سے شادی کے بندھن میں بندھ رہے ہیں اس خوشی کے موقع پر الزرقا یونیورسٹی نے 10 اسکالر شپس دینے کا اعلان کیا ہے۔

اردن کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق یونیورسٹی نے بدھ کو بیان میں کہا کہ نئی اسکالر شپ الزرقا کمشنری کے شہریوں کو کمشنر کے تعاون سے دی جائیں گی۔

الزرقا ایجوکیشن اینڈ انویسٹمنٹ کمپنی نے بیان میں کہا کہ اردنی ولی عہد کی شادی نے اہل اردن کو خوشیاں دی ہیں۔ اس خوشی کے موقع پر ہم بھی الزرقا کے ان طلبہ کو جو اپنی تعلیم مکمل اور وطن عزیز کے معمار بننا چاہتے ہیں ان کی مدد کر کے اپنی خوشی کا اظہار کررہے ہیں۔

دوسری جانب الزرقا کمپنی کے چیئرمین ڈاکٹر محمود ابو شعیرۃ نے شاہ عبداللہ الثانی، ملکہ رانیہ، حکمراں ہاشمی خاندان اور اردنی عوام کو ولی عہد شہزادہ الحسین بن عبداللہ الثانی اور رجوۃ السیف کی شادی کی مبارکباد بھی دی ہے۔

یاد رہے کہ الزرقا کمپنی کے تحت الزرقا ٹیکنالوجی کالج، یونیورسٹی، سکول، نرسری اوردیگر ادارے کام کر رہے ہیں۔

اردنی ولی عہد اور رجوۃ السیف کی شادی کا دو روزہ جشن گزشتہ روز شروع ہوا تھا جب کہ آج دونوں کا نکاح ہوگا۔ شادی کی تقریب میں مختلف ممالک سے اہم شخصیات اردن پہنچ گئی ہیں۔

گزشتہ دنوں شادی کے سلسلے میں مہندی کی تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا تھا جس میں ملکہ رانیہ کی جانب سے پرتکلف عشائیہ بھی دیا گیا تھا۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/IzcsUm1

No comments