Breaking News

مودی حکومت نے سری نگر کی جامع مسجد میں نماز عید ادا نہیں کرنے دی

سری نگر: مودی حکومت نے کشمیری مسلمانوں کو جامع مسجد سری نگر، عید گاہ میں نماز عید ادا نہیں کرنے دی۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھی آج عید الاضحیٰ منائی جا رہی ہے تاہم نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں نافذ پابندیوں اور قابض فورسز کے محاصروں اور چھاپوں کی وجہ سے اس خوشیوں بھرے دن کی رونقیں ماند ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آر ایس ایس کی سرپرستی میں قائم بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کی ہندوتوا حکومت نے سری نگر کی تاریخی جامع مسجد اور عیدگاہ اور جنوبی کشمیر کے قصبے اسلام آباد کی عیدگاہ میں لوگوں کو عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کرنے سے روک دیا۔

قابض انتظامیہ نے جامع مسجد کے مرکزی دروازے کو مقفل کر دیا اور آزادی کے حق میں مظاہروں کو روکنے کے لیے نوہٹہ اور شہر کے کئی دیگر علاقوں میں بڑی تعداد میں بھارتی فوجی، پیرا ملٹری اور پولیس اہلکار تعینات کیے۔

حریت رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مسلسل چوتھے سال تاریخی جامع مسجد میں آج نماز عید ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ وادی کے مختلف علاقوں میں عید کے روز بھی جگہ جگہ سرچ آپریشن کیے جا رہے ہیں، کشمیریوں کو جگہ جگہ روک کر تنگ کیا جا رہا ہے۔

انتظامیہ نے ٹویٹر، فیس بک سمیت سماجی رابطوں کی تما م سائٹوں کے استعمال پر بھی پابندی عائد کر رکھی ہے اور وہ ان کی کڑی نگرانی کر رہی ہے، اگر کوئی مقبوضہ علاقے کی زمینی صورت حال اور بھارتی جبر وستم کے حوالے سے کوئی پوسٹ اپ لوڈ کرتا ہے تو اسے پبلک سیفٹی ایکٹ اور یو اے پی اے جیسے کالے قوانین کے تحت گرفتار کر لیا جاتا ہے۔

کُل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت نے اپنے بیان میں سرینگر کی تاریخی جامع مسجد، عیدگاہ اور دیگر مقامات پر لوگوں کو نماز عید کی ادائیگی سے روکنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے دینی امور میں صریح مداخلت قرار دیا۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/APUixWB

No comments