جوہری توانائی: امریکا کی سعودی عرب کو پیشکش
ریاض: امریکا نے سعودی عرب کو توانائی کے جوہری منصوبے کے لیے تعاون کی پیشکش کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ سعودی عرب سویلین جوہری پروگرام تیار کر رہا ہے، اور اس میں تیکنیکی معاونت کے لیے بولی لگانے والوں ممالک میں امریکا کو ترجیح دی جائے گی۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان امریکی ہم منصب انٹونی بلنکن کے ساتھ گزشتہ روز ایک مشترکہ پریس کانفرنس کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ کچھ اور ممالک بھی بولی لگا رہے ہیں، اور ہم دنیا کی بہترین ٹیکنالوجی کے ساتھ اپنا پروگرام وضع کرنا چاہتے ہیں۔
انھوں نے کہا امریکا کے ساتھ بعض امور پر ہمارے اختلافات ہیں، لیکن ہم ایک ایسا طریق کار تلاش کرنے پر کام کر رہے ہیں جس کے ذریعے ہم سویلین جوہری ٹیکنالوجی پر مل کر کام کر سکیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے اپنے پاس موجود یورینیم کو افزودہ کرنے اور پھر ایندھن فروخت کرنے کے لیے امریکی ٹیکنالوجی کی درخواست کی ہے، بصورت دیگر وہ مدد کے لیے چین، روس یا فرانس کی طرف دیکھ سکتے ہیں۔
from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/hOo3lF8
No comments