Breaking News

اج عالمی یوم والد گوگل کا خصوصی ڈوڈل بنا کر باپ کو خراج تحسین

آج دنیا بھر میں عالمی یوم والد منایا جا رہا ہے اس دن کے موقع پر گوگل نے خصوصی ڈوڈل بنا کر باپ کی عظمت ومحبت کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

انسان کا دنیا میں پہلا واسطہ ماں اور پھر باپ سے پڑتا ہے یہ وہ دو عظیم ہستیاں ہیں جن کی محبت، شفقت اور قربانیوں کی بدولت ایک بچہ زندگی کی رعنائیاں پاتا ہے ماں اگر گھر میں بچے کی تعلیم وتربیت کے لیے اپنے دن رات وقت کرتی ہے تو باپ گھر سے باہر اپنی اولاد کو زندگی کی ہر خوشی فراہم کرنے اور دکھ وتکالیف سے بچانے کے لیے تگ ودو کرتا ہے۔

آج دنیا بھر میں عالمی یوم والد منایا جا رہا ہے۔ اس دن کے منانے کا مقصد باپ کی عظمت، عزت اور وقار کا اعتراف اور ان کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ گوگل نے بھی اس دن کے موقع پر خصوصی ڈوڈل بنا کر باپ کی عظمت اور قربانیوں کا خراج تحسین پیش کیا ہے۔

بابا جانی،ابو جی، ابو جان، پاپا جانی، ابا جان، ڈیڈی کے معروف نام سے بچے اپنی زندگی کی اس عظیم ہستی کو پکارتے ہیں لیکن طرز تخاطب سے ہٹ کر یہ ہستی اپنے بچوں کے لیے ساری عمر دوست، محافظ، سایہ یا زندگی بن کر رہتے ہیں اور ان کے کل کے لیے اپنا آج قربان کرتے ہیں۔

انگریزی، اردو، فارسی بلکہ دنیا کی کسی بھی زبان میں ایسا کوئی لفظ موجود ہی نہیں جس کو استعمال کرکے ’’باپ‘‘ کی عظمت کو بیان کیا جا سکے یا باپ کے مکمل روپ کی عکاسی ہو سکے- باپ ایک مقدس محافظ بن کر اپنی جان کی بازی لگا کر بھی اولاد کی حفاظت کرتا ہے۔ کیسی صفت رکھی ہے قدرت نے ’’باپ‘‘ کے روپ میں مرد میں جو اپنی سانس تک اولاد کی سانسوں میں شامل کر کے اسکی زندگی بڑھانے کا حوصلہ رکھتا ہے۔

کسی شاعر نے کیا خوب کہا ہے کہ

ہر ایک درد وہ چپ چاپ خود پہ سہتا ہے
تمام عمر وہ اپنوں سے کٹ کے رہتا ہے
وہ لوٹتا ہے کہیں رات دیر کو
دن بھر وجود اسکا پسینہ میں ڈھل کر بہتا ہے
وہ مجھ کو سوئے ہوئے دیکھتا ہے جی بھر کے
نجانے سوچ کے کیا کیا وہ مسکراتا ہے
میرے بغیر ہیں سب خواب اس کے ویران سے
یہ بات سچ ہے میرا باپ کم نہیں ماں سے



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/nK3ydGP

No comments