Breaking News

فلسطینیوں کی زمینوں پر قبضے کا نیا اسرائیلی پلان سامنے ا گیا

مغربی کنارہ: فلسطینیوں کی زمینوں پر قبضے کا نیا اسرائیلی پلان سامنے آ گیا۔

تفصیلات کے مطابق اسرائیل کی انتہا پسند حکومت کی فلسطینیوں کی زمینوں پر قبضے کا نیا پلان سامنے آیا ہے، مقبوضہ مغربی کنارے میں ہزاروں یہودی آباد کاروں کو مکانات تعمیر کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا۔

الجزیرہ کے مطابق اسرائیل کی سخت گیر اتحادی حکومت نے مقبوضہ مغربی کنارے میں ہزاروں نئے ہاؤسنگ یونٹس کے منصوبوں کی منظوری دے دی ہے اور انتہائی دائیں بازو کے وزیر خزانہ کو 27 سال سے موجود اصولوں کو نظر انداز کرتے ہوئے غیر قانونی بستیوں کی تعمیر میں تیزی لانے کے لیے وسیع اختیارات دے دیے۔

اتوار کے روز وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے کابینہ میں اس اقدام کی توثیق کر دی، جس سے آبادکاروں کے حامی وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ کو بستیوں کی تعمیر کے لیے ’چھ مراحل والے طریقہ کار‘ کو نظر انداز کرنے کی اجازت مل گئی ہے، جسے بین الاقوامی قانون کے تحت غیر قانونی سمجھا جاتا ہے۔

سموٹریچ نے کہا ہم آبادکاری کے منصوبے کو ترقی دینا جاری رکھیں گے اور علاقے پر اسرائیلی کنٹرول کو مضبوط کریں گے۔ واضح رہے کہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں 4,560 ہاؤسنگ یونٹس کی منظوری کا منصوبہ اسرائیل کی سپریم پلاننگ کونسل کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے جو اگلے ہفتے منعقد ہونے والا ہے۔

مختلف دھڑوں نے اس پر گہرے خدشات کا اظہار کیا ہے کہ اس اقدام سے پورا مغربی کنارہ جلد ہی اسرائیلی کنٹرول میں آ سکتا ہے، فلسطینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ آبادکاری کی سرگرمیوں کی منظوری ’’مغربی کنارے کے الحاق کو مکمل کرنے کے لیے ایک خطرناک اضافہ‘‘ ہے۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/JaWik47

No comments