2 ہزار سال قدیم چرچ دیکھنے پر ٹکٹ لگا دیا گیا
روم میں واقع دو ہزار سال پرانے گرجا گھر کی سیر کو جانے والے سیاحوں کیلیے بری خبر ہے کہ اب انہیں چرچ دیکھنے کے لیے فیس دینا ہوگی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق روم میں واقع دو ہزار سال قدیم چرچ کو دیکھنے کے لیے ہر سال دنیا بھر سے سیاحوں کی بڑی تعداد وہاں جاتی ہے تاہم اب سیاحوں کے لیے بری خبر ہے کہ یہ تفریح مفت نہیں ہوگی بلکہ اگر کسی نے یہ قدیم چرچ دیکھنا ہے تو اس کو فیس ادا کرنا ہوگی۔
مذکورہ قدیم چرچ کو ایک تفریحی مقام بن چکا ہے اب متعلقہ حکام نے یہاں داخلے کی فیس مقرر کی ہے جو 5 یورو ہے اس سے حاصل ہونے والی آمدنی کا کچھ حصہ روم کے بشپ جب کہ باقی حصہ وزارت ثقافت کو دیا جائے گا تاہم چھوٹے بچے اور روکم کے رہائشی افراد ٹکٹ کی شرط سے مستثنیٰ ہوں گے۔
تاہم چرچ پر ٹکٹ لگائے جانے کے باوجود یہاں تفریح کے لیے آنے والے سیاحوں کی تعداد میں کمی نہیں آئی ہے اور لوگ لمبی قطاروں میں کھڑے ہوکر ٹکٹ لے رہے ہیں۔ اس حوالے سے ایک فرانسیسی سیاح کیملی پیلاٹ کا کہنا ہے کہ ٹکٹ کی شرط بھی لوگوں کو یہاں آنے سے نہیں روک سکے گی۔
واضح رہے کہ پینتھیون گرجا گھر قدیم روم کے بہترین محفوظ شدہ آثار میں سے ایک ہے جو اپنے غیرمعمولی گنبد کے لیے مشہور ہے۔ اس گنبد کا قطر 43 میٹر (140 فٹ) ہے اور اس میں ایک کھلا دائرہ بھی موجود ہے جس کے ذریعے روشنی اندر داخل ہوتی ہے اور کبھی کبھار بارش بھی ہوتی ہے۔
دوسری صدی عیسوی کے آغاز میں شہنشاہ ہیڈرین کے دور میں دوبارہ تعمیر ہونے سے قبل اسے پہلی صدی قبل مسیح میں ایک مندر کے طور پر بنایا گیا تھا۔ اس کے بعد یہ طویل عرصہ تک نظر انداز رہا۔ پھر پوپ بونفیس چہارم کے دور یعنی ساتویں صدی میں ایک چرچ کے طور پر متعارف کر کے اسے نئی زندگی دی گئی۔
from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/8Jnb4ci
No comments