Breaking News

دبئی ایئر پورٹ نے بڑا اعزاز حاصل کر لیا

دبئی: دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے بڑا اعزاز حاصل کر لیا ہے، ایئرپورٹ کو نشستوں کے حوالے سے دنیا کا مصروف ترین ہوائی اڈہ قرار دے دیا گیا۔

فضائی کمپنیوں اور ایئرپورٹس کا ڈیٹا جمع کرنے والے بین الاقوامی ادارے ’او اے جی‘ کے مطابق دبئی ایئرپورٹ نے جولائی 2023 کی شیڈولڈ بین الاقوامی پروازوں میں بُک ہونے والی نشستوں کے لیے اپنا اعزاز برقرار رکھا ہے۔

دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے راستے شیڈولڈ بین الاقوامی پروازوں کی نشستوں کی مجموعی تعداد جولائی 2023 کے دوران 49 لاکھ سے زیادہ رہی، جب کہ جون میں شیڈولڈ پروازوں کی نشستوں کی مجموعی تعداد 4.63 ملین تھی، جس میں 6 فی صد اضافہ ہوا۔

او اے جی رپورٹ کے مطابق جولائی 2023 کے دوران بین الاقوامی پروازوں کے حوالے سے دنیا کا مصروف ترین ایئرپورٹ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ ہے۔

الامارات الیوم کے مطابق دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے مقابلے میں 19 فی صد زیادہ گنجائش رکھتا ہے، جو دنیا کا دوسرا مصروف ترین ایئرپورٹ ہے، جس پر بین الاقوامی پروازوں کی نشستوں کی تعداد 4.1 ملین ریکارڈ کی گئی۔

ہالینڈ کا ایمسٹرڈیم ایئرپورٹ تیسرے اور فرانس کا چارلس ڈیگال ایئرپورٹ چوتھے نمبر پر ہے۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/KfTNmS5

No comments