Breaking News

ایران کا سویڈن کے سفیر کو قبول کرنے سے انکار

قرآن پاک کی بےحرمتی پر ایران نےسویڈن کے نئے سفیر کو قبول کرنے سے انکار کر دیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران نے اعلان کیا کہ وہ سویڈن کے نئے سفیر کو ملک میں داخلے کی اجازت نہیں دے گا۔

وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے سرکاری ٹیلی ویژن کو بتایا کہ "تہران میں سویڈن کے سفیر کی مدت ختم ہو گئی ہے اور صدر کے حکم کے مطابق جب تک سویڈش حکومت قرآن پاک کی بے حرمتی پر سنجیدہ اقدام نہیں کرتی ہم نئے سویڈش سفیر کو قبول نہیں کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی سفیر کو سویڈن نہیں بھیجا جائے گا۔

ان کا یہ اعلان دارالحکومت تہران میں شام کے احتجاج کے بعد سامنے آیا جس میں سویڈن کے سفارت خانے کے باہر سینکڑوں مظاہرین جمع تھے۔

احتجاج ایک دھرنا بن گیا ہجوم نے عمارت پر انڈے اور ٹماٹر پھینکے اور سویڈن کے سفیر کو ایران سے نکالے جانے تک وہاں رہنے کا عہد کیا۔

ترکیہ نے سوئیڈن سے نفرت انگیز واقعات کو فوری روکنے کا مطالبہ کیا۔ متحدہ عرب امارات نے سوئڈش سفیر کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا جبکہ مصر کی جامعہ الازہر نے قرآن پاک کی بار بار بے حرمتی پر مسلم ممالک سے ایکشن لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے سویڈش مصنوعات کی بائیکاٹ کی اپیل کر دی۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/REuovDA

No comments