Breaking News

فاسٹ فوڈ چین ’سب وے‘ خود کو فروخت کرنے پر رضامند

دنیا کے بڑی فاسٹ فوڈ چین برانڈز میں شامل ’سب وے‘ کو فروخت کرنے تیاریاں کی جارہی ہیں، جسے روارک کیپٹل خریدنے کا خواہشمند ہے۔

اس حوالے سے غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فاسٹ فوڈ چین سب وے نے خود کو ایک نجی ایکویٹی گروپ روارک کیپٹل کو فروخت کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے جو ڈنکن، سونک اور کارول سمیت ریستوران اور فوڈ برانڈز کی ایک وسیع رینج کا مالک ہے۔

خبر کے مطابق مذکورہ فاسٹ فوڈ چین کی قیمت 9 بلین ڈالر سے زیادہ لگائی گئی ہے تاہم ابھی معاہدے کی تفصیلی شرائط ظاہر نہیں کی گئی ہیں۔

فوڈ چین کی نیلامی کے موقع پر مختلف اداروں ٹی ڈی آر کپیٹل اور سائکی مور پارٹنرز کی جانب سے بولیاں لگیں تاہم روارک کپیٹل کی لگنے والی سب سے بڑی بولی نے دیگر خریداروں کو پیچھے چھوڑ دیا۔

عالمی سطح پر فاسٹ فوڈ کا کاروبار کرنے والا ادارہ ’سب وے‘ گزشتہ 50 سال سے ایک خاندان کی ملکیت ہے، سب وے جس کے سو سے زیادہ ممالک میں تقریباً 37ہزار آؤٹ لیٹس ہیں کے ترجمان نے معاہدے کی شرائط کا انکشاف نہیں کیا ہے۔

یہ معاہدہ روارک کپیٹل کو دنیا کے سب سے بڑے ریسٹورنٹ آپریٹرز میں سے ایک بنا دے گا جو پہلے ہی ریستوران کی بڑی چین کا مالک ہے جن میں جمی جانز، آربیز، باسکن رابنز اور بفیلو وائلڈ ونگز شامل ہیں۔

رواں سال فروری میں انتظامیہ کی جانب سے سب وے فاسٹ فوڈ چین کو فروخت کرنے کیلئے اس کے مشہور برانڈ اور عالمی سطح پر کاروبار کے سبب 10 بلین ڈالر سے زیادہ رقم حاصل کرنے کی امید ظاہر کی گئی تھی تاہم خریداروں کا کہنا تھا کہ اس کی قیمت اس سے کم ہے۔

یاد رہے کہ سال 1965میں اپنے پہلے آؤٹ لیٹ کے کھلنے کے بعد سے اب تک سب وے نے کئی سالوں تک اپنے بہترین کھانوں کے ذائقوں کی بدولت حریفوں کو پیچھے رکھا۔ سال2023 کی پہلی ششماہی میں شمالی امریکہ میں سب وے کے ایک ہی اسٹور کی فروخت میں 9.3 فیصد اضافہ ہوا ہے۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/4u5ko2i

No comments