آسٹریلیا نے اسرائیل کو سرکاری طور پر فلسطین پر قابض ملک قرار دے دیا
آسٹریلیا نے اسرائیل کے فلسطین پر غاصبانہ قبضے پر آواز بلند کر دی ہے اور اسے سرکاری سطح پر فلسطین پر ایک قابض ملک قرار دے دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل غیر قانونی اقدامات اور دھونس دھمکی کی پالیسیوں سے مسئلۂ فلسطین کو عالمی سطح پر پس پشت ڈالنا چاہتا تھا مگر اب اسے اپنی اس پالیسی میں بھی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑ رہا ہے۔ امریکا کی جانب سے متعدد بار اسرائیلی اقدامات کی کھل کر مذمت کے بعد اب آسٹریلیا نے بھی اسے سرکاری سطح پر فلسطین پر ایک قابض ملک قرار دے دیا ہے۔
آسٹریلیا کی وزیر خارجہ پینی وونگ نے پارلیمنٹ کے باہر قانون سازی پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آج سے ملک کی تمام سرکاری دستاویز اور بیانات میں فلسطین کو مقبوضہ اور اسرائیل کو قابض لکھا اور پڑھا جائے گا اور بیت المقدس کو بھی مقبوضہ علاقہ تصور کیا جائے گا۔
دوسری جانب عرب پارلیمنٹ نے آسٹریلیا کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق اسرائیل فلسطین تنازع کے حل کے عزم کا اظہار ہے۔
اس کے ساتھ ہی عرب پارلیمنٹ نے آسٹریلیا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بغیر کسی تاخیر یا ہچکچاہٹ کے سرکاری طور پر بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم بھی کرے۔
واضح رہے کہ 2014 سے قبل آسٹریلیا فلسطین کو مقبوضہ اور اسرائیل کو غیر قانونی طور پر قابض ریاست لکھتا اور کہتا آیا ہے لیکن پھر یہ سلسلہ بند کر دیا تھا تاہم اب دوبارہ یہ روایت اپنا رہا ہے۔
from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/xCeEfX7
No comments