Breaking News

امریکا کی مشرقی ریاستوں میں موسم نے تباہی مچا دی

نیویارک: طوفانی ہواؤں، بارش اور ژالہ باری نے امریکا کی مشرقی ریاستوں میں تباہی مچا دی، مختلف حادثات میں 2 افراد ہلاک ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق پیر کو مشرقی امریکا میں ایک طاقت ور طوفان نے تباہی مچا دی ہے، جس میں کم از کم دو افراد ہلاک ہو گئے، ایک آسمانی بجلی گرنے سے اور دوسرا درخت گرنے کی وجہ سے۔

تند و تیز ہواؤں کے ساتھ بارشوں کے نتیجے میں ہزاروں مکانات کو نقصان پہنچا، سینکڑوں درخت جڑوں سے اُکھڑ گئے، بجلی کے کھمبے گر گئے، نیویارک سے الاباما تک 11 لاکھ سے زائد گھروں اور کاروباری مراکز میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

مشرقی امریکی ریاستوں میں خراب موسم کے پیشِ نظر ہزاروں پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہوئی ہیں، طوفانی ہوائیں چوبیس گھنٹوں سے بھی زیادہ وقت تک چلتی رہیں، اور بجلی منگل کی رات تک منقطع رہی، جب کہ 5 کروڑ افراد طوفانی ہواؤں اور آسمانی بجلیوں کی زد پر آئے۔

سی این این کے مطابق الاباما کے شہر فلورنس میں ایک پارکنگ لاٹ میں آسمانی بجلی گرنے سے پیر کو ایک 28 سالہ شخص کی موت ہو گئی، جب کہ ساؤتھ کیرولائنا میں 15 سالہ لڑکا ایون کرسٹوفر کنلی اس وقت موت کا شکار ہوا جب اینڈرسن کاؤنٹی میں اس کے دادا دادی کے گھر کے باہر اس پر درخت آ گرا۔

ریاست میری لینڈ کے شہر ویسٹ منسٹر میں ایک سڑک پر گاڑیوں پر بجلی کے کھمبے اور تاریں گرنے کی وجہ سے پیر کو ساڑھے پانچ گھنٹے تک درجنوں افراد کاروں میں پھنسے رہے۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/fsx8WjR

No comments