ٹرمپ نے الیکشن فراڈ کیس میں جج تبدیل کرنے کا مطالبہ کر دیا
واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2020 کے الیکشن فراڈ کیس میں جج تبدیل کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ واشنگٹن کے رہائشیوں نے بڑی تعداد میں ان کے خلاف ووٹ دیا تھا، اس لیے اُن کے کیس کو واشنگٹن سے منتقل کیا جائے۔
روئٹرز کے مطابق ٹرمپ کا مؤقف تھا کہ اس بات کا امکان ہے کہ رجسٹرڈ ووٹرز میں سے ججوں کو منتخب کیا جا سکتا ہے، اس لیے موجودہ جج کی موجودگی میں منصفانہ ٹرائل کا امکان نہیں ہے۔
یاد رہے کہ 2 اگست کو ٹرمپ پر چار ماہ میں تیسری بار مجرمانہ الزامات عائد کرتے ہوئے انھیں 2020 کے انتخابات کے نتائج کو بدلنے کا مورد الزام ٹھہرایا گیا تھا۔
تاہم، سابق صدر نے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس مقدمے کا مقصد 2024 کے صدارتی انتخابات کے لیے ان کی مہم کو نقصان پہنچانا ہے۔ واضح رہے کہ مقدمے کی اگلی سماعت 28 اگست کو ہوگی۔
from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/ijU0wfm
No comments