Breaking News

نائیجر کی باغی فوج کا اقتدار واپس کرنے کا اعلان

نیامی : افریقی ملک نائیجر میں منتخب صدر محمد بازوم کو گرفتار کرکے اقتدار پر قابض ہونے والے فوجی جنرل نے سیاسی قیادت کو اقتدار واپس کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق باغی نائیجر فوج کے سربراہ جنرل عبدالرحمانے ٹچیانی نے وعدہ کیا ہے کہ وہ تین سال کے اندر اقتدار عوامی حکمرانوں کے حوالے کر دے گا۔

جنرل عبدالرحمانے ٹچیانی نے یہ اعلان دارالحکومت نیامی میں مغربی افریقہ کے علاقائی بلاک اکنامک کمیونٹی آف ویسٹ افریقن اسٹیٹس (ایکواس) کے عہدیداران سے ملاقات کے بعد کیا۔

رپورٹ کے مطابق ایکواس نے دھمکی دی تھی کہ مذاکرات ناکام ہونے کی صورت میں فوجی کارروائی کی جائے گی جس کے جواب میں گزشتہ شام اپنے ٹیلی ویژن خطاب میں باغی فوجی سربراہ نے خبردار کیا کہ ہم جنگ کرنا نہیں چاہتے لیکن اگر ملک پر کسی قسم کا حملہ کیا گیا تو اپنا مکمل دفاع کرتے ہوئے اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

اپنی تقریر میں چیانی نے دعویٰ کیا کہ ایکواس غیرملکی افواج کے ساتھ مل کر ایک قابض فوج قائم کرکے نائیجر پر حملہ کرنے کی تیاری کررہا ہے، ایکواس کی جانب سے ملک پر عائد کردہ پابندیاں غیر قانونی اور غیرانسانی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی بندش کے نتیجے میں نیامی اور دیگر بڑے شہروں میں بلیک آؤٹ ہونے کے ساتھ ساتھ ملکی درآمدات پر پابندی بھی قابل مذمت ہے۔ مذکورہ پابندیوں کو عائد کرنے کا مقصد ہمیں گھٹنوں کے بل بٹھا کر ذلیل کرنا ہے۔

واضح رہے کہ ایکواس نے 26 جولائی کی بغاوت کے بعد نائیجر پر سخت پابندیاں عائد کردی تھیں اور ملک میں آئینی حکمرانی کی بحالی کے لیے "اسٹینڈ بائی فورس” کی تعیناتی کا حکم بھی دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ افریقی ملک نائیجر میں فوج نے صدر محمد بازوم کی حکومت کا تختہ اُلٹا تھا اور فوج کے سربراہ نے خود کو سربراہ مملکت قرار دے دیا تھا۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/2FLjAcN

No comments