Breaking News

آئی فون 15 پرو کے خریداروں کو چار سے پانچ ہفتے انتظار کرنا پڑے گا!

ایپل کمپنی کا نیا آئی فون 15 پرومیکس رونمائی کے فوری بعد ہی صارفین میں بے حد مقبول ہوگیا ہے، تاہم چین میں اس کے خریداروں کو چار سے پانچ ہفتے انتظار کرنا پڑے گا۔

آئی فون 15 پرومیکس ایرو اسپیس گریڈ میٹریل، موبائل گیمنگ پاور کی ایک نئی سطح اور ایک جدید کیمرہ کے ساتھ تیار کیا گیا ہے جو جدید فون کی دنیا میں تہلکہ مچادے گا۔

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے چینی صارفین کو آگاہ کیا ہے کہ آئی فون15 فوری طور پر دستیاب نہیں ہوسکے گا اگر آپ آئی فون 15 پرومیکس خریدنے کے خواہشمند ہیں تو آپ کو کم از کم چار سے پانچ ہفتے انتظار کرنا پڑے گا۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے کمپنی کی ویب سائٹ نے اپنے ایک پیغام میں وضاحت کی ہے کہ یہ فیصلہ آئی فون 15 کے بڑے پیمانے پر ملنے والے آرڈرز کے پیش نظر کیا گیا ہے، کمپنی کے مطابق موبائل فون 22 ستمبر سے دستیاب ہوگا۔

واضح رہے کہ چین امریکی کمپنی ایپل کیلئے دنیا کی تیسری بڑی مارکیٹ ہے تاہم گزشتہ دنوں مبینہ طور پر چین کے سرکاری ملازمین پر آئی فون استعمال نہ کرنے کے غیر اعلانیہ حکم نامے کے باوجود ایپل کیلئے آئی فون 15 کے آرڈرز کو پورا کرنے کیلیے کسی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق اعلیٰ درجے کے آئی فون ماڈلز ایک منٹ کے اندر علی بابا کے تمال مارکیٹ پلیس پر ایپل کے اسٹور پر فروخت ہوگئے تھے۔

اس کے علاوہ ’جے ڈی ڈاٹ کام‘پر جو کہ چین میں ایپل کے سب سے بڑے سیل چینلز میں سے ایک ہے جمعہ کی شام کو اسے آئی فون 15 کے ملنے والے آرڈرز کی تعداد 34لاکھ سے زائد ہوگئی تھی۔

اس حوالے سے چینی وزارت خارجہ نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا تھا کہ چین نے غیرملکی اسمارٹ فون برانڈز کی خریداری اور اس کے استعمال پر پابندی نہیں لگائی۔

کاؤنٹر پوائنٹ کے سینئر تجزیہ کار ایوان لام نے کہا کہ چینی کمپنی ہواوے کے زوال کے بعد ان صارفین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جن کی قوت خرید 600ڈالر تک ہے، ایوان لام نے مزید کہا کہ نئی آئی فون 15سیریز ان صارفین کیلئے ایک اچھا انتخاب ہے جو آئی فون 11/12 استعمال کر رہے ہیں اور اپ ڈیٹ کے متبادل کی تلاش کر رہے ہیں تاہم ہواوے کی میٹ 60 سیریز بھی ایک چیلنج ہوگی۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/Jylnucf

No comments