سعودی عرب اور بھارت کے مابین 50 مشترکہ معاہدے
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی نئی دہلی میں موجودگی کے دوران دونوں ممالک کے حکام نے دوطرفہ تعاون کے متعدد مشترکہ معاہدوں اور سمجھوتوں پر دست خط کیے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جی 20 سربراہ اجلاس کے اختتام کے بعد نئی دہلی میں سعودی ولی عہد کے لیے باضابطہ استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان اوربھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی موجودگی میں دونوں ملکوں کے حکام کے درمیان دوطرفہ تعاون کے کم سے کم 50 معاہدوں اور سمجھوتوں پر دستخط کئے گئے۔
ان میں توانائی، پیٹرو کیمیکل، قابلِ تجدید توانائی، زراعت اور صنعت کے علاوہ سماجی اور ثقافتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے معاہدے شامل ہیں۔
اس کے علاوہ سعودی عرب کی وزارتِ سرمایہ کاری اور بھارت کی قومی ایجنسی برائے فروغِ سرمایہ کاری اور سہولت کے درمیان طے پانے والے متعدد معاہدے شامل ہیں۔
بھارت کی وزارتِ خارجہ نے اس حوالے سے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے اپنے وفود کے ساتھ سعودی، بھارت تزویراتی شراکت داری کونسل کے پہلے اجلاس میں شرکت کی ہے۔
اجلاس کے ایجنڈے میں صحت کی دیکھ بھال، غذائی تحفظ، ثقافت اور معاشرتی فلاح وبہبود کے امور،توانائی کی سلامتی، تجارت اور سرمایہ کاری، دفاع اور سلامتی، سمیت دو طرفہ تعاون کے وسیع شعبے شامل تھے۔
سعودی وزیر توانائی کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ سعودی عرب کئی بین الاقوامی تنظیموں اور پروگراموں کا موثر ممبر ہے، جی 20 میں سعودی عرب مجموعی قومی پیداوارکے حوالے سے 18 ویں سے 16 ویں نمبر پرپہنچ چکا ہے، جی 20 کے دائرے میں سعودی معیشت نے جس طرح پیشرفت کی ہے وہ قابل فخر ہے۔
وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کا ہدف 2030 تک دنیا کی پندرہ بڑی معیشتوں میں شامل ہونا ہے، شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا ’یہ پیشرفت یہ بتا رہی ہے کہ ’سعودی عرب میں ترقی کا سفر درست سمت میں جاری ہے۔
from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/nPUV6tb
No comments