Breaking News

پاک بھارت میچ مکمل نہ ہونے کا ذمہ دار بی سی سی آئی ہے، شائقین برہم

ایشیا کپ 2023 کا سب سے بڑا اور اہم میچ بارش کی نذر ہوگیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر شیڈول کے حوالے سے بی سی سی آئی کے سیکرٹری کو ان کے فیصلے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر پاکستان اور بھارتی صارفین بھارتی کرکٹ بورڈ کے جے شاہ سے ناراض دکھائی دیے جنہوں نے بھارت کو پاکستان میں کھیلنے کی اجازت نہیں دی تھی، جس سے سبب دونوں ممالک کے شائقین کرکٹ کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔

ایشیا کپ 2023 میں پاک بھارت ٹیموں کا انتہائی میچ بارش کی وجہ سے ختم ہونے کے بعد ایکس (سابقہ ٹویٹر) صارفین نے اپنا غصہ بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکرٹری جے شاہ پر اتار دیا جنہوں نے میزبان پاکستان میں ٹورنامنٹ کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔

جے شاہ نے اس حقیقت کو نظر انداز کرتے ہوئے کہ پاکستان میں سیکورٹی کے انتظامات قابل اطمینان ہیں اس کے باوجود وہ اس بات پر قائم رہے کہ ہندوستان پاکستان میں نہیں کھیلے گا۔

کچھ ٹویٹس ایسے ہیں جس میں ناراض صارفین اپنے خیالات کا اظہار کررہے ہیں، جس میں انہوں کا کہنا ہے کہ میچ بے نتیجہ ختم ہونے سے پورا دن برباد ہوگیا جس کے ذمہ دار چیئرمین جے شاہ ہیں۔

اسپورٹس اینکر ماریہ راجپوت نے لکھا کہ بارش کی وجہ سے میچ بے نتیجہ ختم ہونے کی وجہ سے دن برباد ہوگیا اور یہ بی سی سی آئی کے چیئرمین جے شاہ کا قصور ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ سری لنکن بورڈ نے موسم کے بارے میں خبردار کیا تھا اور میچ کو دمبولا میں کروانے کی تجویز دی تھی لیکن جے شاہ نے اس تجویز کو قبول نہیں کیا اور نہ ہی وہ سری لنکا میں بارش کے موسم سے بچنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرنا چاہتے تھے لیکن انہوں نے اپنی انا کو برقرار رکھا اور پورا ٹورنامنٹ خاص طور پر اس بڑے میچ کو برباد کر دیا۔

ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ اگر بھارتی حکومت چاہتی تو اپنی ٹیم کو پاکستان میں کھیلنے کی اجازت دے دیتی تو پورا ٹورنامنٹ وہیں منعقد ہوسکتا تھا، ہم نے پاکستان میں بغیر کسی بارش کی رکاوٹ کے کچھ شاندار میچز دیکھے ہیں۔

سابق بھارتی کرکٹر وریندر سہواگ نے بھی بارش کے موسم میں ایشیا کپ کے انعقاد پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ بارش کے وقت تو چائے پکوڑے رکھتے ہیں، آپ نے ایشیا کپ ہی رکھ دیا۔

حسن نامی صارف کا کہنا تھا کہ بی سی سی آئی اور جے شاہ کو شرم آنی چاہیے کہ پہلے تو انہوں نے پاکستان نہ آنے کا فیصلہ اس وقت کیا جب دنیا کی ہر بہترین ٹیم پہلے ہی یہاں کا دورہ کرچکی تھی اور پھر جب میچ سری لنکا منتقل ہوئے تو انہوں نے دمبولا میں کھیلنے سے بھی انکار کردیا جہاں ستمبر کے دوران موسم خشک رہتا ہے۔

صارف کا کہنا تھا کہ یہاں تک کہ سری لنکن حکام نے بھی ان سے مقام تبدیل کرنے کی درخواست کی لیکن صرف اپنے کھلاڑیوں کو آرام دینے اور اپنے سفر کو آرام دہ بنانے کے لیے انہوں نے دمبولا میں کھیلنے سے انکار کر دیا اور سری لنکا پر زور دیا کہ وہ پالکیلے میں کھیلوں کا شیڈول بنائیں۔

جے شاہ آپ نے ہمارا دن برباد کر دیا اور آج کرکٹ کے تمام شائقین واقعی مایوس ہیں کیونکہ ہر مداح نے اس دن کا سب سے زیادہ انتظار کیا لیکن آپ نے سب کچھ برباد کردیا۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/L0bnHr5

No comments