Breaking News

ہواوے اور ایپل نے اسمارٹ‌ فون صارفین کو تقسیم کردیا

بیجنگ : ایپل آئی فون 15 اور ہواوے اسمارٹ فون کی مسابقت نے چینی عوام کی رائے کو تقسیم کردیا، دونوں اسمارٹ فون کے فیچرز سے متعلق صارفین کا ملا جلا ردعمل سامنے آرہا ہے۔

نئے اسمارٹ فون کے حوالے سے کیے گئے سروے میں سامنے آنے والے تازہ اعداد وشمار کے مطابق چینی موبائل فون کمپنی ہواوے اور امریکی کمپنی ایپل کے آئی فون15 نے چینی صارفین کو منقسم کردیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نیا فون چین میں علی بابا کے مارکیٹ پلیس پر 15 ستمبر کو اور 22 ستمبر کو ان اسٹورز پر آن لائن فروخت ہوگا۔

ایپل کے آئی فون 15 کی رونمائی کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی، صارفین نے اپنے اپنے انداز میں دونوں فون سیٹس کا موازنہ کیا جس سے بحث مزید طول پکڑ گئی۔

بہت سے آن لائن صارفین نے آئی فون 15 پرو کی نئی 3 نینو میٹر چپ اور اس کی گیمنگ کی خصوصیات کو پسند کیا جبکہ کچھ صارفین نے ہواوے کے نئے اسمارٹ فون میٹ 60کو ترجیح دی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر چینی نیوز پورٹل سینا کے ایک سروے میں شرکاء سے پوچھا گیا کہ کیا وہ میٹ 60 یا آئی فون 15 خریدیں گے؟ جس کے جواب میں صارفین کی جانب سے آئی فون 15 کے لیے 24ہزار کے مقابلے میں ہواوے ڈیوائس کے لیے 61ہزار ووٹ دیکھنے میں آئے۔

متعدد چینی سوشل میڈیا صارفین نے مقامی طور پر بنائے گئے ہواوے کے فون کے مقابلے میں امریکی برانڈ کا انتخاب کرنے کے سلسلے میں شکوک و شبہات کا بھی اظہار کیا۔

واضح رہے کہ چین نے ایپل آئی فون کی خریداری اور اس کے استعمال پر پابندی کی اطلاع کی باضابطہ طور پر تردید کردی ہے۔

چینی وزارت خارجہ نے ان میڈیا رپورٹس پر کہ کچھ سرکاری اداروں اور فرموں نے عملے کو کہا ہے کہ وہ کام پر ایپل کے آئی فونز کا استعمال بند کریں کے پر جواب میں کہا ہے کہ غیر ملکی فون برانڈز کی خریداری اور استعمال پر پابندی کا حکم جاری نہیں کیا ہے۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/1oAmugP

No comments