’نیویارک میں ایمرجنسی نافذ‘
امریکی ریاست نیویارک میں ہونے والی مسلسل موسلا دھار بارشوں کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہوگیا، سیلابی ریلوں کی وارننگ کے بعد نیویارک میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی ریاست نیو یارک میں پچھلے 5 روز سے جاری بارشوں کے بعد نیویارک شہر کے کئی حصوں میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہے، سڑکوں، پلوں پرسیلابی پانی جمع ہوگیا جبکہ میٹرو اسٹیشنز میں بھی سیلابی پانی داخل ہو گیا۔ جس کے باعث گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہوگئی ہے۔
موسلا دھار بارشوں کے باعث نظام زندگی بری طرح متاثر ہوگیا ہے، مسلسل بارشوں سے پانی کھڑے ہونے کی وجہ سے سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔
گورنر نے امریکی ریاست نیویارک میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے، نیویارک میں جمعے اور ہفتے کو مزید بارشوں اور سیلابی ریلوں کی وارننگ جاری کی گئی۔
شدید بارشوں کے باعث جان ایف کینیڈی ائیرپورٹ پر ابھی سے 3 انچ پانی کھڑا ہو گیا ہے، دن کے اختتام تک شہر میں 7 انچ پانی کھڑا ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ٹرانسپورٹ کا نظام بھی بری طرح متاثر ہے، نیو یارک شہر کا انفرا اسٹرکچر اتنے زیادہ پانی کو ہینڈل نہیں کر پا رہا، جس کے نتیجے میں افرا تفری کی صورتحال پیدا ہورہی ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے وارننگ جاری کی گئی ہے کہ نیو یارک میں بڑے پیمانے پر معمولات زندگی متاثر ہوسکتے ہیں۔
from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/kWgeuJZ
No comments