عمان: سلام ایئر لائن کا بھارت کیلئے پروازیں معطل کرنے کا اعلان
سلام ایئر، عمان کی پہلی بجٹ ایئر لائن کی جانب سے بڑا اعلان سامنے آگیا، یکم اکتوبر سے بھارت اور وہاں سے عمان کیلئے اپنی پروازیں معطل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سلام ایئر فی الحال ہندوستان کے چار شہروں کیلئے اپنی سروس فراہم کرتی ہے، جن میں جے پور، لکھنؤ، کوزی کوڈ اور ترواننت پورم شامل ہیں۔
یہ عمان میں موجود ہزاروں ہندوستانی تارکین وطن کے لئے ایک قابل عمل اور سستے سفر کے آپشن کے طور پر جانا جاتا ہے۔
دبئی میں ایئر لائن کے رابطہ مرکز کا اپنے جاری کردہ بیان میں کہنا ہے کہ سلام ایئر کے فجیرہ ہوائی اڈے سے جے پور، لکھنؤ اور ترواننت پورم کے رابطے بھی پروازوں کی معطلی سے متاثر ہوں گے۔
ایک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ ہندوستان جانے والے سینکڑوں مسافروں کے سفری منصوبے عمان ایئر لائن کے اس اعلان کے بعد تہس نہس ہوگئے، جب انہیں ایک ای میل موصول ہوئی جس میں کہا گیا تھا کہ 1 اکتوبر 2023 سے سلام ایئر پر ان کی بکنگ کالعدم ہو جائے گی۔
مسافروں کو مبینہ طور پر بتایا گیا ہے کہ وہ اپنی بکنگ کے لیے دی گئی رقم واپس وصول کریں گے۔
سلام ائیر کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمیں آپ کو یہ بتاتے ہوئے افسوس ہو رہا ہے کہ ہم یکم اکتوبر 2023 سے ہندوستان کے لیے اپنی پروازیں منسوخ کررہے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ ہندوستان کے لیے پرواز کے حقوق مختص کرنے کی محدودیت کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ خبر آپکے لئے تکلیف دہ ہوسکتی ہے، مگر ہم اس فیصلے سے پیش آنے والی کسی بھی مشکل کے لیے معذرت خواہ ہیں۔
ہم ان تمام مسافروں کو مکمل طور پر انکی رقم کی واپسی کو یقینی بنائیں گے جنہوں نے ان مقامات کے لیے ریزرویشن پہلے سے کرائی ہیں۔ بیان کے مطابق ہم نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اپنی پوری کوشش کی ہے کہ اس سارے عمل میں ہمارے صارفین کا خیال رکھا جائے۔
from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/LhvwxVg
No comments