Breaking News

عالمی سطح پر نوڈلز کی طلب میں اضافے کی وجہ سامنے آگئی

ٹوکیو : عالمی سطح پر نوڈلز کی طلب میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ہوا ہے، اعداد و شمار کے مطابق اس کی طلب مسلسل ساتویں سال بڑھ کر اب تک کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

اس حوالے سے ورلڈ انسٹنٹ نوڈلز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ 2021 سے نوڈلز کے استعمال کرنے والوں کی تعداد میں تقریباً 2.6 فیصد اضافہ ہوا۔

نوڈلز خشک اور پیک شدہ چیز ہے جو مختلف ذائقوں میں مارکیٹ میں آسانی سے دستیاب ہوتے ہیں،کم وقت میں فوری تیار ہونے والی یہ غذا بچوں اور بڑوں میں یکساں مقبول ہے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چین اور ہانگ کانگ کی مارکیٹوں میں نوڈلز کی فروخت سب سے زیادہ دیکھنے میں آئی، اس کے بعد بالترتیب انڈونیشیا ہندوستان اور جاپان وہ ممالک ہیں جہاں نوڈلز کی کھپت بہت زیادہ ہے۔

سال 2020میں جن دنوں کورونا وائرس کی وبا نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا تھا، ان دنوں عالمی سطح پر نوڈلز کی طلب میں 9.5فیصد اضافہ ہوا، جو 2021 میں کچھ کم ہوا لیکن 2022میں اس کی طلب ایک بار پھر بڑھ گئی۔

گزشتہ سال مہنگائی کی وجہ سے دنیا کے کئی ممالک میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا جس نے صارفین کو نوڈلز کی طرف رجوع کرنے پر آمادہ کیا جس کی اہم وجہ یہ ہے کہ یہ ایک سستا آپشن ہے۔

رپورٹ کے مطابق خصوصی طور پر میکسیکو میں نوڈلز کی فروخت ڈرامائی طور پر تیز ہوگئی، سال2021میں اس کی طلب میں 17.2 فیصد اضافہ ہوا اور میکسیکن مارکیٹ نے اس سال بھی اس کی نمو کو 11 فیصد پر برقرار رکھا۔

نوڈلز پورے ایشیا میں مقبول ہیں، اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ یہ جلدی تیار ہوجاتے ہیں اور دیگر اشیائے خورد ونوش کے مقابلے میں ان کی قیمت بھی مناسب ہوتی ہے۔

اہم بات یہ ہے کہ ان کی مقبولیت امریکہ اور میکسیکو جیسی جگہوں پر بھی بڑھ رہی ہے جہاں پہلے ایسی کوئی ثقافت موجود نہیں تھی۔

نوڈلز بنانے والی بڑی کمپنی نسین فوڈز کا کہنا ہے کہ متوسط طبقے کے صارفین جو پہلے نوڈلز نہیں کھاتے تھے، اب مہنگائی کی وجہ سے اسے اپنی روزمرہ کے کھانوں میں شامل کر رہے ہیں۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/8m1vHNY

No comments