Breaking News

’عسکریت پسندوں کے حملوں میں درجنوں شہری ہلاک‘

مالی میں مشتبہ اسلامی عسکریت پسندوں نے مختلف کارروائیوں کے دوران تقریباً 49 شہریوں اور 15 فوجیوں کو ہلاک کردیا۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق مغربی افریقی ملک مالی میں اسلامی عسکریت پسندوں کی جانب سے ایک فوجی اڈے اور دریائے نائیجر میں ایک کشتی کو نشانہ بنایا گیا، عسکریت پسندوں نے حملے کے دوران 64 افراد کو ہلاک کردیا۔

سرکاری حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مشتبہ جہادیوں نے دو الگ الگ مقامات پر کارروائیاں کیں، انہوں نے پہلا حملہ ٹمبکٹو کے قریب دریائے نائیجر میں ایک کشتی پر جب کہ دوسرا حملہ شمالی خطے بامبا میں ایک فوجی اڈے پر کیا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق اسلامی عسکریت پسند گروپ جے این آئی ایم نے ان حملوں کی ذمہ داری کو قبول کرلیا ہے، بتایا جارہا ہے کہ یہ انتہا پسند تنظیم القاعدہ سے وابستہ مسلح گروپوں کا حصہ ہے۔

حکومتی بیان کے مطابق فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 50 حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا ہے۔ حملوں میں شہریوں اور فوجیوں کی ہلاکت پر جمعے سے تین روز کے قومی سوگ کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ عسکریت پسندوں کی جانب سے یہ کارروائیاں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب اقوام متحدہ حکومت کی درخواست پر مالی میں اپنے قیام امن مشن مینوسما (MINUSMA) کے 17000 اہلکاروں کو واپس بلانے کی تیاری میں مصروف ہے۔

اقوام متحدہ کی جانب سے مالی میں قیام امن فورسز کی تعیناتی 2013میں کی گئی تھی، مگر میمنوسا اقوام متحدہ کے لئے سب سے خطرناک مشن ثابت ہوا۔ اس مشن کے دوران اقوام متحدہ کے 300سے زائد اہلکاروں کو موت کی نیند سلادیا گیا۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/fLy58Zr

No comments