Breaking News

خدارا !! مزید قتل عام کا انتظار نہ کریں، غزہ کے ڈاکٹر کی اپیل

غزہ : اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ اسپتال پر کی جانے والی بمباری سے انسانیت بھی شرما گئی، اسپتال کے ایک ڈاکٹر نے عالمی طاقتوں سے التجا کی ہے کہ خدارا لوگوں کو مارنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق غزہ کے الشفاء اسپتال کے ایک ڈاکٹر نے بین الاقوامی برادری سے التجا کی ہے کہ وہ انکلیو میں معصوم شہریوں کی ہلاکت کو روکیں۔

سفید کمبلوں میں لپٹی ہوئی لاشوں کے ایک ڈھیر میں گھرے ہوئے ڈاکٹر محمد غونیم نے عرب نیوز کو بتایا کہ یہ واقعی نسل کشی ہے بین الاقوامی انسانی قانون کے مطابق ہسپتال کو ایک محفوظ جگہ سمجھا جاتا ہے کیونکہ کہ یہ بے گھر اور زخمی لوگوں کے لیے ایک پناہ گاہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تمام لاشیں جو اسپتال میں لائی گئیں ان جسموں کے اعضاء کٹے ہوئے تھے اور ان میں زندگی کی کوئی رمق باقی نہ تھی۔

ڈاکٹر غونیم نے التجا کی کہ ہمارے پاس ابھی صرف پانچ اہم ہسپتال کام کر رہے ہیں اور وہ آئندہ چند گھنٹوں میں علاج معالجے کی خدمات فراہم کرنے سے قاصر ہوجائیں گے۔

اس وقت تک انتظار نہ کریں جب تک یہ ہسپتال سروس دینا بند کر دیں، ہم اس ہسپتال میں کسی جگہ پر اب خود کو بھی محفوظ محسوس نہیں کر رہے۔ برائے مہربانی یہ پاگل پن بند کریں۔ یہ نسل کشی بند کریں۔ اس انسانی بحران کو روکیں۔

واضح رہے کہ منگل کو غزہ کے الاہلی ہسپتال پر حملے میں سینکڑوں مریض اور عام شہری مارے گئے جنہیں ہسپتال میں پناہ لینے کے لیے کہا گیا تھا۔ اسرائیل اور امریکا فلسطینی مسلح گروپ اسلامی جہاد پر حملے کا الزام لگاتے ہیں جو کہ تنازع کے آغاز کے بعد سے سب سے بڑا واحد حملہ تھا۔

جیسے ہی بائیڈن تل ابیب پہنچے تو انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے ساتھ ایک پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہسپتال پر حملہ ممکنہ طور پر اسرائیلی فوج کے فضائی حملے کی وجہ سے نہیں ہوا، دوسری جانب عالمی برادری نے اس حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

 



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/SqirZMP

No comments