Breaking News

کازان کانفرنس کا افغان طالبان سے تمام گروپوں پر مشتمل جامع حکومت کی جلد تشکیل کا مطالبہ

کازان: روسی شہر کازان میں منعقدہ کانفرنس نے افغان طالبان سے تمام گروپوں پر مشتمل جامع حکومت کی جلد تشکیل کا مطالبہ کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق روس کے شہر کازان میں افغانستان کی صورت حال پر اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا، جس میں روز دیا گیا ہے کہ افغانستان میں تمام گروپوں پر مشتمل جامع حکومت کی جلد تشکیل ہونی چاہیے۔

دوران اجلاس روس نے افغانستان میں غیر علاقائی عناصر کی بڑھتی شمولیت پر تشویش کا اظہار کیا، روسی نمائندہ خصوصی نے کہا دہشت گرد گروہوں اور خاص طور پر داعش کا مقابلہ کرنے میں طالبا ن غیر مؤثر رہے ہیں۔

ماسکو فارمیٹ کے تحت اجلاس میں چین، بھارت، روس، پاکستان اور افغانستان سمیت ایران کے نمائندوں نے شرکت کی۔

کازان کانفرنس کے اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ افغانستان میں موجود تمام دہشت گرد گروپوں کے ٹھکانے ختم کیے جائیں، اور انسانی حقوق کے ساتھ خواتین کے حقوق کا احترام بھی کیا جانا چاہیے۔

افغانستان کے لیے روس کے صدارتی ایلچی ضمیر کابلوف نے کہا افغانستان میں جامع طرز حکمرانی سب سے پہلے افغان عوام کے لیے اہم ہے، کوئی دوسرا غیر جامع ڈھانچا مختصر وقت کے لیے ہوتا ہے۔

انھوں امریکا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امریکی اثر و رسوخ صرف اثاثے منجمد کرنے، ہیرا پھیری کرنے اور دھمکیاں دینے تک محدود تھا۔ امریکا افغانستان سے7 ارب کی چوری کر کے بھاگا لیکن اس چوری کو اس نے سرکاری طور پر اثاثے منجمد کرنا کہا۔

ضمیر کابلوف نے کہا کہ یہی ہے امریکی اثر و رسوخ، امریکی ڈرونز ہر وقت افغانستان اور کابل پر چھائے رہتے ہیں، جو افغان حکام کے نمائندگان کو دھمکاتے رہتے ہیں کہ کوئی امریکا مخالف مؤقف اختیار مت کرنا، اگر اسی کو اثر و رسوخ کہتے ہیں تو امریکی ایسا ہی اثر و رسوخ رکھتے ہیں۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/j9DRMJV

No comments