Breaking News

وائٹ ہاؤس کے سامنے فلسطینیوں کے حق میں بڑا مظاہرہ، یہودیوں کی شرکت

واشنگٹن: امریکی دارالحکومت میں وائٹ ہاؤس کے سامنے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ہزاروں افراد نے احتجاج کیا، جس میں یہودیوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق غزہ پر وحشیانہ اسرائیلی بمباری پر دنیا بھر میں لوگ سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں لیکن امریکا بدستور صہیونی ریاست کے غیر انسانی اقدامات کی حمایت پر کمر بستہ ہے، اور جنگ بندی کی حمایت سے گریزاں ہے۔

فلسطینیوں کے حوالے سے امریکی پالیسی کے خلاف گزشتہ روز وائٹ ہاؤس کے سامنے ہزاروں افراد نے جمع ہو کر زبردست احتجاج کیا، جس میں یہودیوں کی بھی بڑی تعداد شریک ہوئی اور مظاہرین نے اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے۔ مظاہرین نے داخلی دروازے کی دیوار پر سرخ ہاتھوں کے نقوش بھی چھوڑے جو اس بات کی علامت تھے کہ امریکا کے ہاتھ فلسطینیوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔

ادھر صہیونی ریاست کے ایک اور بڑے پشت پناہ ملک برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں بھی اسرائیلی مظالم کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے، مظاہرین نے بچوں پر بمباری بند کرنے اور ’فری فلسطین‘ کے پوسٹر اٹھا رکھے تھے۔ اسی طرح فرانس کے مرکزی شہر پیرس میں بھی فلسطین کے حق میں بڑا مظاہرہ کیا گیا۔

یورپ کے ایک اور بڑے ملک جرمنی کے دارالحکومت برلن میں بھی ہزاروں افراد نے نکل کر فلسطینوں کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کی۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ غزہ میں جنگ بندی کی جائے اور اسرائیلی فورسز نہتے شہریوں اور بچوں پر وحشیانہ بمباری روکے۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/75GZI9L

No comments