جاپان کا غیرملکیوں کیلئے ٹیکس سے متعلق اہم فیصلہ
ٹوکیو : جاپانی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ غیرممالک سے آنے والے سیاحوں کو ٹیکس سے متعلق دی گئی سہولیات میں تبدیلی کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق جاپان غیرملکی سیاحوں کے لیے ٹیکس فری سسٹم پر نظر ثانی کرے گا جاپانی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق غیرملکی سیاحوں کے لیے بنائے گئے ٹیکس فری نظام کو تبدیل کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے کیونکہ کچھ مواقعوں پر اس کا غلط استعمال کیا جارہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جاپان کی حکومت چاہتی ہے کہ گاہک، خریداری کے وقت پورا ٹیکس ادا کریں اور ادا شدہ ٹیکس کی واپسی کے لیے بعد میں درخواست دیں۔ فی الحال بیرون ملک سے آنے والے افراد مخصوص اسٹورز پر مقررہ ٹیکس ادا کیے بغیر سامان خرید سکتے ہیں۔
دکانوں کو خریداروں کی شناخت کی تصدیق کرنی ہوتی ہے اور اس بات کو یقینی بنانا ہوتا ہے کہ خریدی گئی اشیا دوبارہ فروخت جیسے غیر قانونی مقاصد کے لیے نہ ہوں، تاہم ایسے سیاح بھی ہیں جو بغیر ٹیکس ادا کیے خریدی اشیاء جاپان ہی میں بیچ ڈالتے ہیں۔
ٹیکس فری تقاضے پورا نہ کرنے والی فروخت کی پاداش میں کچھ بڑے ڈپارٹمنٹل اسٹورز اور اسمارٹ فون بیچنے والی دکانوں پر مذکورہ ٹیکس اپنی جانب سے ادا کرنے کا جرمانہ عائد کیا جا چکا ہے۔
حکومت اور حکمران جماعتیں ایک نئے نظام کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں جس کے تحت غیر ملکی سیاحوں کو خریداری کے وقت صارف ٹیکس ادا کرنا پڑے گا۔ اس کے بعد خریدار جاپان چھوڑتے وقت مذکورہ اشیا دکھا کر ادا شدہ ٹیکس کی رقم واپس حاصل کر سکیں گے۔
from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/Tx23EG9
No comments